Online Latest News Hindi News , Bollywood News

زیر زمین پانی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس

Urdu News

 نئی دہلی، ملک میں زیر زمین پانی سے متعلق امور پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا موضوع ’’گراؤنڈ واٹر ویژن 2030-واٹر سیکورٹی ، چیلنجز اینڈ کلائمٹ چینج اڈپٹیشن ‘‘  یعنی زیر زمین پانی سے متعلق نظریہ 2030 – پانی کا تحفظ ، چیلنجز اور آب و ہوا کی تبدیلی کے ساتھ امتزاج ہے۔ یہ بین الاقوامی کانفرنس 11 سے 13 دسمبر 2017 تک منعقد ہو گی ۔ کانفرنس کا انعقاد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائیڈرولوجی (این آئی ایچ ) روڑکی  اورحکومت ہند کی آبی وسائل ، دریاؤں کی ترقی اور گنگا باز آباد کاری کی وزارت کی زیر سرپرستی  کیا جا رہا ہے۔

اس کانفرنس میں پندرہ ملکوں کےمندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ 250 تحقیقی مقالات اس کانفرنس میں پیش کئے جائیں گے  جن میں 32 کلیدی مقالات ہوں گے ۔ کانفرنس کا افتتاح آبی وسائل ، دریاؤں کی ترقی  اور گنگا بازآباد کاری کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری ، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی مرکزی وزیر محترمہ او ما بھارتی،  سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن ، آبی وسائل کے، دریاؤں کی ترقی اور گنگا بازآباد کاری کے وزرائے مملکت جناب ارجن  رام  میگھوال اورڈاکٹر ستیہ پال سنگھ کریں گے۔ توقع ہے کہ  کانفرنس میں پانی کے بدلتے ہوئے استعمال اور آب و ہوا کے پش منظر میں ملک میں زیر زمین پانی کے بندوبست کی موجودہ صورتحال اور اس راہ میں درپیش چیلنجوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی  ہے جب ملک میں پانی کا منظر نامہ بالخصوص زیر زمین پانی کا منظر نامہ روز بروز خستہ حال ہوتا جا رہا ہے۔ گذشتہ دہائیوں کے دوران ملک میں زیر زمین پانی کے استعمال میں  کئی گنا  اضافہ ہوا ہے  اور آج دیہی گھریلو ضرورتوں کی 80 فیصد  کی تکمیل  اور سینچائی سے متعلق ضرورتوں کے 65 فیصد  اور صنعتی نیز شہری پانی کی ضرورتوں کی 50 فیصد تکمیل ہمارے زیر زمین پانی کے وسائل سے ہوتی ہے۔ زیر زمین پانی کے حد سے زیادہ استعمال کی وجہ سے ملک کے کئی اہم خطوں میں پائیدار زرعی سرگرمیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ ان علاقوں میں  پنجاب ، بندیل کھنڈ اور راجستھان شامل ہیں۔ اس  صورتحال نے مستقبل میں غذائی تحفظ کے سامنے سنگین خطرہ پیدا کر دیا ہے۔مزید برآں  اندیشہ یہ بھی ہے کہ ملک بھر میں  حد درجہ بارش کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر آب و ہوا کی تبدیلی کی وجہ سے زیر زمین پانی کے ریچارج کا عمل بھی درہم برہم ہو جائے ۔  ضرورت سے زیادہ زیر زمین پانی کے استعمال نے کئی علاقوں میں زیر زمین پانی کے معیار کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس کی مثال کئی علاقوں میں زیر زمین پانی کا آرسینک سے آلودہ ہونا ہے۔  اس تین روزہ کانفرنس میں دس اہم موضوعات کے ضمن میں ان سلگتے ہوئے مسائل پر تبادلہ خیا ل کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ ملک میں آبی وسائل سے متعلق متعدد شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پالیسی پر غور  کیا جائے اور 2030 کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے ان چیلنجوں سے نمٹنے کی خاطر لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More