نئی دہلی،: سرحدی ہاٹوں سے متعلق ہند –بنگلہ دیش مشترکہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ تری پورہ کی راجدھانی اگرتلہ میں23-22جولائی 2018ء کو ہوئی۔میٹنگ میں دونوں فریقوں نے ان ہاٹوں کے قرب و جوار میں رہنے والے لوگوں کی روزی روٹی کے حصول پر ان سرحدی ہاٹوں کے مثبت اثرات کو محسوس کیا۔ چار سرحدی ہاٹوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ان ہاٹوں کو بہتر بنانے، 6اضافی سرحدی ہاٹوں کے قیام اور سرحدی ہاٹوں کو مزید وسعت دینے سے متعلق لائحہ عمل کے بارے میں مشورے دیئے گئے۔اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ آئندہ میٹنگ بنگلہ دیش میں ہوگی، جس کے لئے تاریخ کا تعین آپسی رضامندی سے کیا جائے گا۔
مشترکہ کمیٹی نے 22 جولائی 2018ء کو کملا ساگر(سپاہی جالا ضلع، تری پورہ)-تارا پور(برہمن بریا، بنگلہ دیش) ہاٹ کا دورہ کیا اور شاندار طریقے پر اس کے کام کرنے کی ستائش کی اور بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت محسوس کی۔
قابل ذکر ہے کہ سرحدی ہاٹوں سے متعلق مفاہمت نامہ پر ہندستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 8اپریل 2017ء کو دستخط کئے گئے تھے۔ اس میں سرحدی ہاٹوں کام کاج کا جائزہ لینے ان کے کام کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلیوں سے متعلق مشورہ دینے اور سرحدی ہاٹوں کے قیام کے لئے نئی جگہوں سے متعلق تجاویز پیش کرنے کے مقصد سے ایک مشترکہ کمیٹی کے قیام کی بات کہی گئی تھی۔