نئی دہلی، سری لنکا کے ایک پارلیمانی وفد نے. جس کی قیادت وہاں کی پارلیمنٹ کے اسپیکر جناب کارو جیا سوریہ کر رہے تھے ، آج یعنی 10 ستمبر ، 2018 ء کو راشٹر پتی بھون میں صدر جمہوریۂ ہند جناب رام ناتھ کووند سے ملاقات کی ۔
ہندوستان میں وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی اور جنوبی ایشیا علاقے کی خوش حالی ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہے ۔ ہندوستان کے لئے سری لنکا کی ایک خصوصی اہمیت ہے اور وہ ہندوستان کی ‘ پڑوسی پہلے ’ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے ۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے تیز رفتاری سے ترقی کرنے والی معیشت کا حامل ہے ۔ اس کے یہاں سری لنکا کی ترقی اور پیش رفت کے لئے بھی زبردست مواقع موجود ہیں ۔ سری لنکا ، اُس زبردست مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ، جو ہندوستان میں موجود ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان ، سری لنکا کے ساتھ ایک مضبوط ترقیاتی شراکت داری سے عزت افزائی محسوس کرتا ہے ۔ یہ شراکت داری تمام شعبوں میں پھیلی ہوئی ہے ، جن میں تعلیم ، کلچر ، صلاحیت سازی ، روزی روٹی میں مدد اور حفظانِ صحت جیسے شعبے شامل ہیں ۔