نئی دہلی، ۔06جون۔ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے تحت کام کرنے والے ادارے نیشنل ٹرسٹ نے آج یہاں اپنے کلیدی شراکت داروں کے ساتھ مل کر فکری اور ترقیاتی اعتبار سے معذور افراد کی ترقی(آئی ڈی ڈی) کے لئے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا ۔ اس کانفرنس کا موضوع ’’جامع ہندوستان کے لئےجامع ہندوستان پہل ‘‘ تھا ۔ نیشنل ٹرسٹ کے جامع ہندوستان پہل کے تحت خصوصی طور پر ایسے لوگوں کی دیکھ بھال کی جاتی ہے جو فکری اور ترقیاتی اعتبار سے معذور افراد ہیں۔اس کا مقصد مذکورہ معذور افراد کو ملک کے اصل دھارے کے ساتھ جوڑنا، نیز اس کے علاوہ سماجی زندگی کے تمام اہم پہلوؤں مثلا تعلیم ،روزگار اور کمیونٹی میں انہیں شامل کرنا ہے۔
اس کانفرنس کا افتتاح ہنرمندی کے فروغ اور تجارت کاروبار کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب راجیو پرتاپ روڈی ، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب وجے گوئل، نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانت ، اقوام متحدہ کے ریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر جناب یوری افاناسیف ، سرکاری تعمیرات کے محکمہ کے سکریٹری جناب این ایس کانگ ، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے سکریٹری جناب کملیش پانڈے، نیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین اور نیشنل ٹرسٹ کے سی ای او جناب مکیش جین کے علاوہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے عہداران کی موجودگی میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر جناب تھاور چند گہلوت نےکیا۔ اس موقع پر جامع ہندوستان پہل کا ایک وژن دستاویز بھی جاری کیا گیا۔اس موقع پر نیشنل ٹرسٹ نے اپنے کلیدی شراکت داروں کے ساتھ متعدد مفاہمت ناموں کا بھی تبادلہ کیا۔
اپنے افتتاحی خطاب میں جناب تھاور چند گہلوت نے کہا کہ ہمارے ملک نے ہمیشہ ’’واسودھیوؤ کٹمب کم‘‘ پر یقین کیا ہے ۔معذور افراد ہمارے سماج کے لئےجزدلاینفک ہیں۔ انہیں مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے۔دویانگوں یعنی معذور افراد کی بہتری اور بھلائی کے لئے نیشنل ٹرسٹ نہایت اہم کام کر رہا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ نیشنل ٹرسٹ کی تما م دس اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت ’’دویانگ جن وتا وکاس نگم ‘‘ کے ذریعہ معذور افراد کو ہنرمند بنانے کے علاوہ انہیں خود پر منحصر بنا رہی ہے۔اب دویانگوں یعنی معذور افراد کو ہندوستان اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لئے اسکالرشپ دی جا رہی ہے۔معذور افراد کو ملک گیر سطح پر کیمپ لگا کرامدادی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں۔وزارت نے پورے ملک نے اب تک 5300 کیمپ لگا ئے ہیں اور 500 کروڑ روپئے کی قیمت کے امدادی آلات تقسیم کئے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب وجے گوئل نے کہا کہ گذشتہ پیرااولمپک کھیلوں میں دویانگوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھااور کھیلوں کی وزارت اگلے اولمپک کھیلوں میں شرکت کرنے والے مستقبل کے کھلاڑیوں بشمول معذور کھلاڑیوں کے لئے ایک خصوصی پورٹل کاآغاز کیا ہے۔انہوں نے اپنی وزارت کی طرف سے ہر ممکن مدد اور تعاون کا بھی یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ وزارت دویانگوں یعنی معذور افراد کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے بھر پور کوشش کر رہی ہے۔
اس موقع پراپنے خطاب میں جناب پرتاپ روڈی نے کہا کہ مناسب اور بہتر ڈھنگ سے ہنرمندی کے فروغ کے ذریعہ دویانگ جن یعنی معذور افراد کی صلاحیتوں کو بہتر بنایاجا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت اس سلسلے میں ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانت نے اپنے خطاب میں کہا کہ معذور افراد خصوصی لیاقتوں کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ کافی صلاحیت مند ہوتے ہیں۔معذور افراد کی مجموعی اور ہمہ جہت ترقی کے لئے متعدد نئے پروگراموں کی شروعات کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی خصوصی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔
جامع ہندوستان پہل، فکری اور ترقیاتی اعتبار سے معذور افراد کے لئے برابری کے مواقع پیدا کرنے ، ان کے حقوق کے تحفظ کرنے اور انہیں سماج میں کلی طور سے شریک کرنے کو حقیقی شکل دینے کی ایک کوشش ہے۔جامع ہندوستان پہل کی فوکس کے تین کلیدی شعبےجامع تعلیم ، جامع روزگار اور جامع معاشرتی زندگی ہیں۔
جامع تعلیم کے سلسلسہ میں ملک گیر سطح پر بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔اسکولوں اور کالجوں کو فکری اعتبار سے معذور بچوں اور بالغوں کے قابل بنایا جا رہا ہے۔سرکاری اور نجی تنظیموں کو ساتھ لیکر تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی جا ئے گی۔ان تعلیمی اداروں کو معذور افراد کے لئے قابل رسائی بنایا جائے گا ۔اس کے تحت تعلیمی اداروں کے لئے نقل و حمل کے ضروری وسائل ،امدادی آلات اور سماجی تعاون فراہم کرائی جائے گی۔
جامع ہندوستان پہل کے تحت رواں مالی سال کے دوران فکری اعتبار سے معذور افراد کے روزگار کے تئیں بیداری پھیلانے کے لئے کم از کم 2000 کارپوریٹ سیکٹرکی تنظیموں ،سرکاری اور نجی دونوں طرح کی تنظیموں کو استعمال کیا جائے گا۔
نیشنل ٹرسٹ، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کےتحت ایک قانونی ادارہ ہے جس کا قیام آٹزم یعنی ذہنی معذوری ، رعشہ، ذہنی پسماندگی اور کثیر النوع معذوریت کے حامل افراد سے متعلق ایکٹ (1999 کے ایکٹ 44 ) کے تحت عمل میں آیا ہے۔ معذور افراد کی صلاحیت سازی ، ان کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ سماج میں ان کے لئے مناسب ماحول تیار کرنے کے کلیدی مشن کا کام نیشنل ٹرسٹ کو سونپا گیا۔
3 comments