نئی دہلی، فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب پرکاش جاؤڈیکر نے آج نئی دہلی میں ’سماجی علوم میں مؤثر پالیسی تحقیق(آئی ایم پی آر ای ایس ایس [ امپریس])‘ اسکیم کے لئے ویب پورٹل کو جاری کیا۔ اس اسکیم سے متعلق میڈیا کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے جناب پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سماجی علوم میں تحقیق کو فروغ دینے اور پالیسی سازی کی رہنمائی کے لئے تحقیق کو اہل بنانے کے لئے دو برسوں کے لئے 1500 تحقیقی پروجیکٹس دیئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی علوم میں تحقیق معاشرے کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ امپریس اسکیم کے تحت کی جانے والی تحقیق کا استعمال سماج کو درپیش مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کے لئے کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید اطلاع دی کہ حکومت نے اگست 2018ء میں 31 مارچ 2021ء تک نفاذ کے لئے 414کروڑ روپے کی کل لاگت کے ’’سماجی علوم میں مؤثر پالیسی تحقیق(آئی ایم پی آر ای ایس ایس)‘‘ اسکیم کو منظوری دی تھی۔ سماجی علوم اور تحقیق سے متعلق ہندوستانی کونسل (آئی سی ایس ایس آر) پروجیکٹ پر عمل درآمد کرنے والی ایجنسی ہوگی۔
اس اسکیم کے وسیع مقاصد درج ذیل ہیں:
- گورننس اور سماج پر سب سے زیادہ اثرات کے حامل سماجی علوم کے تحقیقی منصوبوں کی شناخت کرنا اور ان تحقیقی منصوبوں کو مالی امداد فراہم کرنا ۔
- 11وسیع موضوعاتی شعبوں مثلاً ریاست اور جمہوریت، شہروں کی تبدیلی، میڈیا، ثقافت اور معاشرہ، روزگار، ہنرمندی اور دیہی تبدیلی، گورننس، اختراع او رعوامی پالیسی، ترقی، کلی تجارت اور اقتصادی پالیسی، زراعت اور دیہی ترقی، صحت اور ماحولیات، سائنس اور تعلیم، سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی، سیاست، قانون اور اقتصادیات کے موضوعات پر تحقیق کو مرکوز کرنا۔علاوہ ازیں ذیلی موضوعاتی شعبوں کے بارے میں فیصلہ اسکیم کے اعلان اور درخواستوں کو طلب کئے جانے سے قبل ماہرین کے گروپ کے مشورے کی بنیاد پر کیاجائے گا۔
- آن لائن طریقے سے ایک شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے پروجیکٹوں کے انتخاب کو یقینی بنانا۔
- تمام یونیورسٹیوں(مرکزی اور ریاستی)،یوجی سی کے ذریعہ عطا کردہ 12(بی) کا درجہ رکھنے والے پرائیویٹ اداروں سمیت ملک کے کسی بھی ادارے میں سماجی علوم کے محققین کے لئے مواقع فراہم کرنا۔
- آئی سی ایس ایس آر کے ذریعہ امداد یافتہ؍تسلیم شدہ تحقیقی ادارے دیئے گئے موضوعات اور ذیلی موضوعات سے متعلق تحقیقی تجاویز اور منصوبوں کو جمع کرنے کے اہل ہوں گے۔
اسکیم کے نفاذ کے لئے طریقہ کار درج ذیل ہوں گے:
- چار مرتبہ اکتوبر 2018ء فروری 2019ء، ستمبر 2019ء اور فروری 2020ء میں تجاویز طلب کئے جائیں گے۔ تجاویز اور فیصلوں کے تجزیئے اور انتخاب کا عمل تجاویز طلب کئے جانے کی تاریخ سے 90 دنوں کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔
- منصوبوں اور تجاویز کا تجزیہ کرنے کے لئے معروف شخصیات پر مشتمل ماہرین ہوں گے۔ معروضی طریقہ کار اور معیار کا استعمال کرکےمنصوبوں کا انتخاب کیاجائے گا۔
- آن لائن پورٹل کا استعمال کرکے پروجیکٹوں کی پیش رفت کی ریگولرنگرانی کی جائے گی۔ اس میں پروجیکٹ کو آرڈینیٹر کے ذریعہ پیش رفت کو براہ راست ایڈٹ کیا جائے گا۔
- مارچ 2021ء میں تیسرے فریق کے ذریعے پروجیکٹوں کا تجزیہ کیا جائے گا۔