15.6 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

سنیما صرف تفریح ​​کے لیے نہیں ہوتا ہے، فلموں کو نوجوانوں میں اخلاقیات، حسن کردار اور حب الوطنی کا جذبہ بھی پیدا کرنا چاہیے: نائب صدر جمہوریہ

Urdu News

نئی دہلی۔  نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ اچھے سنیما کا مقصد صرف تفریح ​​نہیں ہے اور فلم سازوں پر زور دے کر کہا کہ وہ ایسی فلمیں بنائیں جو نوجوانوں میں اخلاقیات، حسن کردار ، حب الوطنی اور انسانیت کے جذبات کو  فروغ دیں ۔

آج نئی دہلی میں معروف فلم ڈائریکٹر راہول راول کی تصنیف کردہ کتاب ‘راج کپور: دی ماسٹر ایٹ ورک’ کی ریلیز کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ سنیما کو ایک اعلیٰ مقصد  کے حصول کا ذریعہ ہونا چاہیے اور ہمارے نوجوانوں کو ذات پات، بدعنوانی، صنفی امتیاز اور جرائم جیسی سماجی برائیوں سے  لڑنے  کی ترغیب دینا چاہیے۔

جناب نائیڈو نے کہا کہ سیاست دانوں، میڈیا اور فلم سازوں کی زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہےکہ وہ عوام کے وسیع تر مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے زندگی کے ہر شعبے میں اقدار کے زوال کے پیش نظر معیار کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے فلموں میں تشدد کی ستائش نیز ‘سوقیانہ حرکت’ اور ‘فحاشی’ کے استعمال کو بھی ناپسند کیا کیونکہ یہ “نوجوان ذہنوں پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ سنیما کو لوگوں بالخصوص نوجوانوں کے ذہنوں میں مثبت احساس پیدا کرنا چاہیے۔ انہوں نے فلم سازوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ قوم کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے سینما بنائیں۔

یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ ہندوستانی فلمیں دنیا بھر میں دیکھی جاتی ہیں، جناب نائیڈو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سنیما ثقافتی طور پر ایک اہم کڑی کے طور پر ابھرا ہے، جس نے ہندوستانی تارکین وطن کو ان کی جڑوں سے جوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “میں اپنے فلم سازوں سے گزارش کروں گا کہ وہ اپنی فلموں میں ایسے مناظر کو شامل کرنے سے گریز کریں جن سے ہماری عظیم ثقافت  پر حرف آتا ہے ، یا ہماری عظیم تہذیب کی روایات، اقدار اور اخلاقیات کو کمزور کرتے ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے یاد دلایا کہ  ماضی کے دنوں میں ایک فلم بہت زیادہ اثر ڈالتی تھی اور ہفتوں اور مہینوں تک چلتی تھی۔ انہوں نے فلم سازوں کی نوجوان نسل کو نصیحت کی کہ وہ اپنی فلموں سے لازوال تاثر کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

جناب نائیڈو نے ہندی سنیما کے سب سے بڑے شو مین کے طور پر مشہور نامور فلم ساز راج کپور، جنہیں کی اس قابل ذکر یادداشت کو منظر عام پر لانے کے لیے جناب راہول رویل اور ان کی شریک مصنفہ پرانیکا شرما کی ستائش کی۔ آنجہانی راج کپور کو ایک دور اندیش باصلاحیت اور ورسٹائل اداکار قرار دیتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ہندوستانی فلم  صعنت میں ان کی خدمات ناقابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا “راج کپور کی زیادہ تر فلموں میں زندگی کا ایک اہم سبق پیش کیا گیا ہے، جنہیں بڑی باریکیوں اور انفرادیت کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ میں واقعی اس دور کے سنیما کو یاد کرتا ہوں”۔

غیر معمولی صلاحیت  کے حامل ٹیم بنانے والے کے طور پر راج کپور کی تعریف کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ان کے پاس اداکاروں، موسیقاروں، مصنفین اور گیت لکھنے والوں  میں چھپی ہوئی نمایاں صلاحیتوں کا پتہ لگانے کی منفرد صلاحیت تھی ۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ان کے بہت سے یادگار گانے جیسے ’آوارہ ہوں‘ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے متعدد ممالک میں بے حد مقبول ہیں، نائب صدر جمہوریہ  نے کہا کہ راج کپور نے اپنی فلموں کے ذریعہ  ہندوستانی سنیما کو ثقافتی سفارت کاری کے اہم ذریعہ بنا دیا ۔

یہ بتاتے ہوئے کہ راج کپور کی بہت سی فلمیں سماجی شعور کے حامل سنیما کی نمائندگی کرتی ہیں، جناب نائیڈو نے اس بات پر زور دیا کہ انھوں نے سنیما کے ذریعہ سماجی تبدیلیوں جیسے پیسے اور صارفیت کے بڑھتے ہوئے جنون، اور انسانی اقدار کے تیزی سے زوال کو موضوع بنایا ۔

اپنے معتبر صلاح کار کو  خراج تحسین پیش کرنےکے لیے جناب راول کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ان کی کتاب صرف سنیما کے شائقین اور سنیما کے طلباء کے لیے نہیں ہے بلکہ ہر وہ شخص کے لیے ہے  جو ہندوستانی سنیما کی تاریخ کے بارے میں مزید جاننا چاہتا ہے یا کسی ایسے شخص کے لیے بھی ہے جو محض فلمیں دیکھنا پسند کرتا ہے

نائب صدر جمہوریہ نے لوگوں سے یہ بھی کہا کہ وہ کووڈ سے متعلق تمام پروٹوکول پر عمل کریں اور اپنی ٹیکہ کاری کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہرین کے مطابق، صحت مند اور خوشگوار طرز زندگی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ویکسین ہی واحد حفاظتی قدم ہے۔

مشہور فلمی شخصیت، جناب رندھیر کپور، مقبول اداکار، جناب رنبیر کپور، کالم نگار، جناب سہیل سیٹھ، بلومز بیری انڈیا کی محترمہ میناکشی سنگھ، اور دیگرہستیاں  جو قومی راجدھانی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں منعقد کی جانے والی اس تقریب میں موجود تھیں۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More