نئی دہلی: منی پورکی گورنر ،ڈاکٹرنجمہ اے ہپت اللہ وزارت سیاحت ،حکومت ہند کی سودیش درشن اسکیم کے تحت ‘‘ شمال مشرقی سرکٹ کی ترقی :امپھال اور خونگ جوم ’’نام کے پروجیکٹ کا منی پورکے وزیراعلیٰ جناب این برین سنگھ ، سیاحت کے وزیرمملکت ( آزادانہ چارج ) جناب کے جے الفونس اور سیاحت کی مرکزی سکریٹری ،محترمہ رشمی ورما کی موجودگی میں امپھال میں افتتاح کریں گی ۔ مذکورہ پروجیکٹ ملک میں سودیش درشن اسکیم کے تحت اپنی نوعیت کاوہ پہلا پروجیکٹ ہے، جس کا افتتاح ہورہاہے ۔
سودیش درشن اسکیم ملک میں موضوعاتی سرکٹوں کو منصوبہ بند اور ترجیحی طریقوں پر ترقی دینے کے سلسلے میں وزارت سیاحت کی فلیگ شپ اسکیم کاایک جزوہے ۔ یہ اسکیم 15-2014میں نافذ کی گئی تھی اور تاحال اس وزارت نے 29ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں 5708.88کروڑروپے کے 70پروجیکٹوں کومنظوری دی ہے ۔ توقع کی جاتی ہے کہ ان پروجیکٹوں کے تحت 30بڑے پروجیکٹوں یا ان کے عناصر کو اسی سال کے دوران مکمل کرلیاجائیگا۔
جس پروجیکٹ کا افتتاح کیاجاناہے اس کی منظوری وزارت نے 72.30کروڑروپے کی لاگت سے ماہ ستمبر2015میں دی تھی ۔ مذکورہ پروجیکٹ کے تحت کانگلہ فورٹ اور خونگ جوم کی دوسائٹیں شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ کانگلہ فورٹ سائٹ منی پورکی از حداہم اور تاریخی اہمیت کی حامل سائٹ ہے اوراس کا شمار آثارقدیمہ میں ہوتاہے اوریہ سائٹ امپھال شہرکے قلب میں واقع ہے ۔ 1891تک یہ منی پورکامنبعٔ اقتداررہی تھی ۔ کانگلہ کو منی پورکے عوام کے اذہان اور دلوں میں ایک خاص مقام حاصل ہے ۔ قدیم گوندہ جی مندر، بیرونی اورداخلی کھائی اوردیگر تاریخی باقیات یہاں کی مالامال اور آثارقدیمہ کے زمرے میں آنے والی تاریخی وراثت کی مظہرہیں ۔ اس پروجیکٹ کے تحت وزارت نے یہاں مرمت اوراحیأ اور داخلی اورخارجی کھائی کی اصلاح اورتزئین کاری اور مقدس تالابوں کا احیأ ،پرانی فصیل کی مرمت ، ساؤنڈاینڈلائٹ شوکااہتمام ، راک گارڈن کی تعمیر ، یوٹی لٹی بلاک ، آڈیوگائیڈ، ماحولیات سے مناسبت رکھنے والی سواریوں ، صناعی اورہنرمندی کے مراکز اور ناگانلہ پارکنگ ، پولوگیلری ، ریسپشن اور ٹکٹ کاونٹروغیرہ کا انتظام کیاتھا ۔ مذکورہ کام 63.90کروڑروپے کی لاگت سے انجام دیاگیاہے ۔خونگ جوم وہ مقام ہے جہاں 1891میں آخری اینگلومنی پورجنگ لڑی گئی تھی ۔اس پروجیکٹ کے تحت پیدل پارجانے والا ایک پل تعمیر کیاگیاتھا اورساتھ ہی ساتھ 4.89کروڑروپے کی لاگت سے کوئمبری جھیل کا احیأ بھی انجام دیاگیاتھا۔
شمال مشرقی خطے میں سیاحت کی ترقی ، وزارت سیاحت کے ترجیحاتی کاموں میں شامل ہے ۔ وزارت اس سلسلے میں خطے میں سیاحت کو ہرطرح سے فروغ دینے کے لئے متعدد سرگرمیاں انجام دے رہی ہے ۔ وزارت سودیش درشن اور پرشاد اسکیموں کے تحت اس خطے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو ترقی دے رہی ہے ۔ مذکورہ دونوں اسکیموں کے تحت وزارت نے 1301.47کروڑروپے کی لاگت سے شمال مشرقی ریاستوں پراحاطہ کرنے کے لئے 15پروجیکٹوں کو اپنی منظوری دی ہے ۔
وزارت اس خطے میں سیاحت کو ترقی دینے کے لئے سلسلہ وارطریقے سے متعدد سرگرمیوں کو عملی جامہ پہنارہی ہے ۔ وزارت کی کوششوں نے مثبت نتائج پیش کرنے شروع کردیئے ہیں اورگذشتہ برسوں کے دوران اس خطے میں غیرملکی سیاحوں کی آمدمیں خاطرخواہ اضافہ دیکھاگیاہے ۔ اس خطے میں 2017کے دوران 1.69لاکھ غیرملکی سیاح بغرض سیاحت یہاں آئے جب کہ 2016میں 1.45لاکھ غیرملکی سیاح یہاں آئے تھے۔ اس طریقے سے 2016کے مقابلے میں 2017میں 16.7فیصد کا اضافہ درج کیاگیا۔ 2017میں گھریلوسیاحوں کی تعداد 95.47لاکھ تک پہنچ گئی جب کہ 2016میں 77.71لاکھ گھریلوسیاح یہاں آئے تھے ، اس طریقے سے 22.8فیصد کا اضافہ درج کیاگیا۔ سیاحوں کی آمدکی تعداد میں ہونے والے اضافے کے نتیجے میں اس خطے میں مقامی آبادی کے لئے بہترروزگارکے مواقع فراہم ہوئے ہیں ۔
اس خطے میں مذکورہ اسکیموں کے تحت سیاحوں کو یہاں آنے پربہترتجربہ اورخوشگوار احساس ہو،اس کے لئے مختلف سیاحتی مقامات پرمتعدد سہولیات مثلاسیاحتی سہولت مراکز ، ترجمانی کے فرائض انجام دینے والے مراکز ، آخری منزل تک رابطہ کاری کی بہترسہولت ، ہیلی پورٹس ، سڑک کے کنارے حوائج ضروریہ کی سہولتوں کی فراہمی ، ایس ای ایل شوزکا اہتمام ، ایکولاگ ہٹس ، روپ وے ، گولف کورس ، تھیم پارک وغیرہ فراہم کرائی گئی ہیں اورفراہم کرائی جارہی ہیں ۔ وزارت نے پوری توجہ کے ساتھ شمال مشرقی خطے میں ترقیات پرزوردیاہے اور ان کے گوناگوں پرکشش مقامات کی خصوصیات کو واضح کیاہے ۔ فطری مناظراوریہاں کی ثقافت کوبین الاقوامی اورگھریلومنڈیوں تک پہنچایاہے ۔ وزار ت شمال مشرقی ریاستوں میں دستیاب سیاحتی مضمرات اورتناظرکو گھریلواوربین الاقوامی خریداروں تک پہنچانے اوریہاں کے عوام کو بیرونی کاروباری اداروں کے رابطے میں لانے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے ہرسال شمال مشرق کی ایک ریاست میں بین الاقوامی ٹریول مارٹ کا اہتمام کرتی ہے ۔ اس سال آئی ٹی ایم یعنی بین الاقوامی ٹریول مارٹ کے ساتویں ایڈیشن کا اہتمام ماہ نومبر میں اگرتلہ ، تریپورہ میں کیاجاناہے ۔