نئی دہلی، سیاحت سےمتعلق چھٹی بین الاقوامی مارٹ (آئی ٹی ایم) کل آسام کے شہر گوہاٹی میں شروع ہوگی۔ سیاحت کی وزارت شمال مشرقی ریاستوں کے تعاون سے 5 سے 7دسمبر تک اس کانفرنس کا انعقاد کررہی ہے۔ آسام کے گورنر جناب جگدیش مکھی، آسام کے وزیراعلی جناب سربانند سونوال ، مرکزی وزارت سیاحت کے سکریٹری محترمہ رشمی ورما اور مرکزی وزارتوں نیز شمال مشرقی ریاستوں کے دیگر معززین کی موجودگی میں اس کا افتتاح کریں گے۔
سیاحت سےمتعلق اس چھٹی بین الاقوامی کانفرنس میں ‘‘ ہندستان کی مشرق کی طرف توجہ کی پالیسی’’ کو اجاگر کیا جائے گا ۔ خاص طور پر آسیان اور بڑے مشرقی ایشیا کے علاقے کے ملکوں کے ساتھ ہماری پالیسی کے تعلق سے شمال مشرقی علاقے میں سیاحت کے فروغ پر عمومی طور پر غوروخوض کے علاوہ اس میں آسیان علاقے کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے اور عوام سے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے جیسے ‘‘ ہندستان کی مشرق کی طرف توجہ کی پالیسی’’ کے مقاصد پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اس کانفرنس کے ذریعہ 8 شمال مشرقی ریاستوں کے سیاحت سے متعلق کاروباری افراد اور صنعت کار ایک جگہ جمع ہوں گے۔ کانفرنس میں خریداروں ، فروخت کرنے والوں ، میڈیا ، سرکاری ایجنسیوں اور اس معاملے سے دلچسپی رکھنے والے دیگر افراد کے درمیان رابطے کا اہتمام کیا گیاہے۔ ہندستان کا شمال مشرقی علاقہ اروناچل پردیش ، آسام ، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ تریپورہ اور سکم جیسی ریاستوں پر مشتمل ہے۔ اس علاقے میں سیاحوں کی دلچسپی کے زبردست امکانا ت پائے جاتے ہیں۔
پوری دنیا سے اور ملک کے مختلف حصوں سے خریدار اور میڈیا سے متعلق نمائندے اس مارٹ میں شرکت کررہے ہیں۔ اس سے انہیں شمال مشرقی علاقے کے فروخت کنندگان کے ساتھ روبرو ہونے کا موقع ملے گا ۔ اس سے اس علاقے کے سیاحت سے متعلق مصنوعات سپلائی کرنے والوں کو بین الاقوامی اور اندرون ملک خریداروں تک پہنچنے کا موقع ملے گا جس سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ 29 سے زیادہ ملکوں کے 66 مندوبین جن میں اس معاملے سے دلچسپی رکھنے والے اور میڈیا افراد شامل ہیں ، کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔ ان ملکوں میں آسٹریلیا، بھوٹان، برونائے، کینیڈا ، چین ، کمبوڈیا، قبرص ، فجی، جرمنی، انڈونیشا، اٹلی ، جاپان ، کینیا، پی ڈی آر، ملیشیا ، میانمار، نیپال ، نیدر لینڈ، فلپائن ، پرتگال ، سنگاپور، اسپین، تنزانیہ ، تھائی لینڈ ، امریکہ، برطانیہ، ویتنام، ترکی اور جنوبی کوریا جیسے ملکوں کے مندوبین شامل ہیں۔
سیاحت سےمتعلق بین الاقوامی کانفرنسیں شمال مشرقی ریاستوں میں ایک ایک کرکے منعقد کی جاتی ہیں ۔ا س سے پہلے گواہاٹی، توانگ ، شیلانگ، گنگٹوک اور امپھال میں یہ کانفرنسیں منعقد کی جاچکی ہیں۔