نئی دلّی:مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے کل ناسک میں قومی شاہراہوں کے کئی پروجیکٹوں کا ورچوئل طور پر افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سردست مہاراشٹر کے تمام ضلع صدر دفاتر قومی شاہراہوں سے مربوط ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئے شاہراہوں کے پروجیکٹوں کی وجہ سے ناسک میں کنکٹیویٹی میں اضافہ ہو گا ۔ وزیر موصوف نے پنچایتی راج کے مرکزی وزیر مملکت جناب کپل موریشور پاٹل اور صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار کی موجودگی میں مہاراشٹر کے ناسک میں تقریباً 206 کلو میٹر طویل ، 1678 کروڑ روپئے کی لاگت سے قومی شاہراہوں کے پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا ۔
وزیر موصوف نے یہ بھی بتایا کہ پروجیکٹ فیز – 1 ٹُو انڈیا کے تحت سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے سورت – ناسک – احمد نگر – شولہ پور سے چنئی تک گرین فیلڈ ایکپریس وے پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ناسک – ممبئی شاہراہ کا 5000 کروڑ روپئے کی لاگت سے مرمت اور جدید کاری کا کام کیا جائے گا ‘‘ ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پمپری سادو سے گونڈے تک 20 کلومیٹر طویل ، 6 لین پر ناسک روڈ سے دوارکا تک ایلیویٹیڈ کاریڈور تعمیر کیا جائے گا ۔
پنچایتی راج کے مرکزی وزیر مملکت جناب کپل موریشور پاٹل نے شری گڈکری کے مسلسل کام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری کی کوششوں سے ، ملک جامع ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے صحت اور خاندانی بہبود ، ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے کہا کہ ’’ آج قومی شاہراہوں کی توسیع نے دور دراز قبائلی علاقوں میں نقل و حمل کو بہت آسان کر دیا ہے اور دور دراز علاقوں کو شہر سے جوڑ دیا ہے۔‘‘
نیشنل ہائی وے پروجیکٹس کی نمایاں خصوصیات:
سورت-ناسک-احمد نگر-شولا پور سے چنئی تک گرین فیلڈ ایکسپریس وے پروجیکٹ
یہ ایک ایکسیس کنٹرول روٹ ہے اور پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد سورت سے شولا پور کے درمیان فاصلہ 95 کلو میٹر اور سورت سے چنئی کا فاصلہ تقریبا 200 کلو میٹر کم ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ 3 سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس منصوبے سے ایندھن کی بہت بچت ہوگی اور سفر کا وقت بھی کم ہوگا نیز جیسے جیسے ایکسپریس وے دیہی علاقوں سے گزرے گا ، روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
پمپری سادو سے گونڈے روڈ چھ لین کا ہو گا
پمپری – چنچواڑ سے گونڈے کا فاصلہ 20 کلومیٹر ہے۔ چھ لین کی تعمیر کے بعد ، ناسک کے باشندے چھ لین سڑک کے ذریعے ممبئی جاسکیں گے۔ اس کی تخمینہ لاگت 600 کروڑ روپئے ہوگی۔ یہ 10 انڈر پاس ، 3 پوشاک اور ایک سروس روڈ پر مشتمل ہے۔ یہ منصوبہ ممبئی کو تیز اور محفوظ رابطہ فراہم کرے گا۔ اس سے قیمتی وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔ گونڈے ایم آئی ڈی سی کے ذریعہ خطے کی مجموعی ترقی کے ساتھ نئی صنعتیں اور روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ توسیع اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔
ناسک روڈ سے دوارکا چوک ایلیویٹڈ کوریڈور ہوگا
ناسک روڈ سے دوارکا چوک ، ناسک پونے (آر ایم نمبر 50) کا ایک حصہ ہے اور حال ہی میں اسے بھارت مالا پروجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ سے دوارکا چوک پر جام کا مسئلہ ختم ہو جائے گا اور ناسک روڈ سے دوارکا تک کا سفر آدھے وقت میں مکمل ہو جائے گا۔ دوارکا چوک پر ٹریفک جام کا حل حادثات کا سلسلہ ختم کرے گا اور سفر کو خوشگوار ، محفوظ اور آسان بنا دے گا۔