صارفین خوراک اور سرکاری نظام تقسیم کے وزیر جناب رام ولاس پاسوان نے آج بی آئی ایس تجربہ گاہ سرگرمیوں کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کا اہتمام کیا۔ جناب پاسوان نے کہا کہ ایک ملک ایک معیار ہونا چاہئے اور بی آئی ایس اور دیگر تجربہ گاہوں نیز ایف ایس ایس اے آئی کے مابین تال میل ہوناچاہئے تاکہ اس پورے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ بی آئی ایس کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے جناب پاسوان نے کہا کہ تمام تر محکمات مثلاً بی آئی ایس ، ایف ایس ایس اے آئی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کو تال میل بناکر اپنے کام میں ہم آہنگی پیدا کرنی چاہئے تاکہ ایک ادارے کے ذریعے کیے جانے والے کام دوسرے کے ذریعے نہ دوہرائے جائیں۔ انہوں نے معیار بندی کے لحاظ سے مصنوعات کے معاملے میں نگرانی کا عمل بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ محکموں اور متعلقہ وزارتوں کا فرض ہے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ بازار میں دستیاب مصنوعات کے سلسلے میں معیارات کی کسوٹی قائم رہے۔
جناب رام ولاس پاسوان نے کہا کہ بھارتی مصنوعات کے معاملے میں یہ بات اس وقت تشویشناک ہوجاتی ہے جب اشیاء بھارتی معیارات پر تو پوری اترتی ہوں لیکن برآمد ہونے پر، درآمد کرنے والے ملک ان مصنوعات کو رد کردیں۔ لہٰذا ہمارے معیارات کو عالمی معیارات کے مطابق ہوناچاہئے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہماری مصنوعات کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق بنایا جانا چاہئے اور ان کی جانچ پرکھ کی سہولت میں بھی اتنا ہی اضافہ کیاجاناچاہئے۔
جناب پاسوان نے دلّی میں پائپ کے ذریعے فراہم کیے جانے والے پانی کی کوالٹی پر بھی ایک میٹنگ کا اہتمام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ توقع کی جاتی ہے کہ آئندہ دنوں میں شہری ترقیات کی وزارت ، جل شکتی اور دلّی حکومت کے افسران کے ساتھ اس میٹنگ کااہتمام کیاجائیگا۔
میٹنگ کے دوران صنعت کی جانچ پڑتال کی ضروریات اور بطور خاص بی آئی ایس کے سلسلے میں جانچ پڑتال کے موضوع پر گفت وشنید کی گئی۔ یہ بات محسوس کی گئی کہ بی آئی ایس تجربہ گاہ کی سہولتوں کو ہر حال میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرکے بہتر بنایا جانا چاہئے تاکہ کوالٹی ٹیسٹنگ کی رفتار میں اضافہ ہوسکے اور اسے صنعت دوست بنایا جاسکے۔ نجی شراکت داروں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو بھی زیر غور لایا گیا اور اعلیٰ کوالٹی کے لیے مصنوعات کی جانچ پڑتال کے مطالبے پر بھی غور کیا گیا۔
صارفین اُمور ، خوراک اور سرکاری نظام تقسیم کے وزیر مملکت جناب راؤ صاحب پاٹل دانوے ، صارفین اُمور کے محکمے کے سکریٹری جناب اونیش کمار سریواستو ، سینئر اقتصادی مشیر جناب روہت کمار پرمار جو بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈس کے ڈائرکٹر جنرل کےعہدے کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں، تجربہ گاہوں کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل جناب جینت راؤ چودھری بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔ اس میٹنگ میں صارفین اُمور، فولاد ، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی، تجارت ، بجلی ، ایم ایس ایم ای ، ایم او ایف پی آئی ، ایف ایس ایس اے آئی وغیرہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ مختلف تجربہ گاہوں مثلاً این ٹی ایچ، این پی ایل ، ای آر ڈی اے اور نجی تجربہ گاہوں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔