17.2 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

صدرجمہوریہ کووند نے اساتذہ کو قومی اعزازات سے نوازا

Urdu News

نئی دہلی۔ طلباء کی اندرونی  صلاحیتوں کو یکجا کرنے کی بنیادی ذمہ داری اساتذہ پر عائد ہوتی ہے۔ صدر جمہوریہ ہند  جناب رامناتھ کووند نے کہا کہ ایک اچھا استاد شخصیت ساز ، معاشرہ اور قوم کا معمار ہوتا  ہے۔ وہ آج یوم اساتذہ  (5 ستمبر 2021)کے موقع پر ایک ورچوئل ایوارڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں ملک بھر سے 44 اساتذہ کو قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

صدر جمہوریہ ہند نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام اساتذہ کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اساتذہ اس یقین کو مضبوط کرتے ہیں کہ آنے والی نسل کا مستقبل  ہمارے قابل اساتذہ کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا ہر کسی کی زندگی میں بہت اہم مقام ہے۔ لوگ اپنے اساتذہ کو زندگی بھر یاد رکھتے ہیں۔ جواساتذہ اپنے طلباء کو پیار اور عقیدت سے پروان چڑھاتے ہیں وہ ہمیشہ اپنے طلباء سے عزت حاصل کرتے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے طلباء کو ایک سنہری مستقبل کا تصور کرنے اور ان کی خواہشات کی تکمیل کے لیے ضروری اہلیت حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ اپنے طلبہ میں مطالعہ کے تئیں دلچسپی پیدا کریں۔ حساس اساتذہ اپنے طرز عمل ، اخلاق اور تدریس سے طلباء کا مستقبل سنوار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اس بات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے کہ ہر طالب علم کی صلاحیت، قابلیت ، نفسیات ، سماجی پس منظر اور ماحول مختلف ہوتا ہے۔ اس لیے ہر بچے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ان کی خصوصی ضروریات ، دلچسپیوں اور صلاحیتوں پر زور دیا جانا چاہیے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پوری دنیا کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران سے گزر رہی ہے۔ اس صورتحال میں جب تمام سکول اور کالج بند تھے تب بھی اساتذہ نے بچوں کی تعلیم کو رکنے نہیں دیا۔ اس کے لیے اساتذہ نے بہت کم وقت میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم استعمال کرنا سیکھا اور تعلیمی عمل کو جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اساتذہ نے اپنی کڑی محنت اور لگن سے اسکولوں میں قابل ذکر انفراسٹرکچر تیار کیا ہے۔ انہوں نے ایسے سرشار اساتذہ کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ پوری اساتذہ برادری بدلتے حالات کے مطابق اپنے تدریسی طریقہ کار میں  تبدیلی کرتی رہے گی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ سال نافذ کی گئی  قومی تعلیمی پالیسی  کے تحت ہندوستان کو عالمی نالج سپر پاور کے طور پرثابت کرنے کا ایک اہم  مقصد مقرر کیا گیا ہے۔ ہمیں طالب علموں کو ایسی تعلیم فراہم کرنی ہے جو علم پر مبنی انصاف پسند معاشرے کی تعمیر میں مددگار ثابت ہو۔ ہمارا تعلیمی نظام ایسا ہونا چاہیے کہ طلبہ آئینی اقدار اور بنیادی فرائض سے وابستگی پیدا کریں ، حب الوطنی کے جذبہ  کو تقویت دیں  اور انہیں بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں اپنے کردار سے آگاہ کریں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ مرکزی وزارت تعلیم نے اساتذہ کواہل بنانے کے لیے کچھ اہم اقدامات کیے ہیں۔ وزارت نے’نشٹھا’ کے نام سے اساتذہ کا مربوط تربیتی پروگرام شروع کیا ہے ،جس کے تحت اساتذہ کے لیے ‘آن لائن صلاحیت سازی ‘ کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ، ‘پراگیتا'( یعنی ڈیجیٹل تعلیم سے متعلق گزشتہ سال جاری کی گئیں ہدایات) کووڈ وبائی مرض کے دوران بھی تعلیم کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے ایک قابل تحسین قدم ہے۔ انہوں نے مشکل حالات میں بھی نئی راہیں تلاش کرنے پر مرکزی وزارت تعلیم کی پوری ٹیم کی  ستائش کی۔

مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے خطبہ استقبالیہ دیا جبکہ وزیر مملکت برائے تعلیم محترمہ انا پورنا دیوی نے شکریہ کی تجویز پیش کی۔

اس سے قبل آج صبح صدر جمہوریہ نے ہندوستان کے سابق صدر جمہوریہ  ڈاکٹر سروپلی رادھاکرشنن کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا۔صدر جمہوریہ اور راشٹرپتی بھون کے عہدیداروں نے راشٹرپتی بھون میں ڈاکٹر رادھاکرشنن کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More