نئی دہلی: صدرجمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج راشٹرپتی بھون میں گربانی گیان میں شرکت کی ۔اس کا اہتمام بھائی ویر سنگھ ساہتیہ سدن نے گرونانک دیوجی کے 550ویں یوم پیدائش کی ایک سال طویل تقریبات کے اختتام کے موقع پر کیا تھا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ گرونانک دیو جی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ۔ ان کی حیثیت ہمارے مشترکہ ورثے کی ہے ۔ان کی عظیم روح نے ہمیں پوری انسانیت کی فلاح وبہبود کا راستہ دکھایا ۔ انہوں نے ایک ایسے معاشرے کی کوشش کی جو سچائی ،رحم دلی ،ترحم ،انسانیت اور محبت پر مبنی ہو اور جس میں سب لوگ مساوی حیثیت کے حامل ہوں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ سکھ برادری کی پوری تاریخ جرأت مندی اور قربانی کی ایک بے مثال کہانی ہے۔سکھ مذہب بھارت کی زمین اور یہاں کے کلچر کی پیداوار ہے ۔گربانی ، بھارت کے ضمیر کا ایک جزو لاینفک ہے۔انہوں نے خواہش ظاہر کی گروؤں کی لافانی آوازیں ہم سب کی رہنمائی کرتی رہیں۔