نئی دہلی: صدرجمہوریہ ہند، جناب رام ناتھ کووند نے 13مارچ ،2018کو ماریشس کے اپنے دورے کے تیسرے دن ، وہاں عالمی ہندی سکریٹریٹ کا افتتاح کیا۔ انھوں نے عالمی ہندی سکریٹریٹ لوگو، کابھی آغاز کیا۔ ایک ابتدائی ڈیجیٹل لرننگ پروگرام کابھی آغاز کیا اورسماجی ہاوسنگ پروجیکٹ کے سنگ بنیاد کی رونمائی کی اور ای این ٹی ہاسپٹل جوبھارتی امداد سے تعمیر ہورہاہے ،اس کی بھی رونمائی کی ۔
اس موقع پرحاضرین سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ ہند نے کہا کہ ہندی نے سماج اورثقافت کے شعبوں میں بھارت اورماریشس دونوں جگہ اہم کرداراداکیاہے ۔ یہ ایک عالمی زبان ہے اور دنیا بھرمیں پھیلی ہوئی بھارتی برادری نے اپنی ثقافت اور روایات کا تحفظ کیاہے اوراسے آئندہ یا اگلی پیڑھیوں تک منتقل بھی کیاہے ۔ یہ کام ہندی سمیت لسانی روایات کے توسط سے عمل میں آیاہے ۔ ہندی مختلف ممالک کی تقریبا175یونیورسٹیوں میں پڑھائی جارہی ہے ۔
صدرجمہوریہ ہند کہاکہ 11ویں عالمی ہندی کانفرنس، اگست 2018میں ماریشس میں منعقد ہونے جارہی ہے ، بھارت کے علاوہ ماریشس واحد ملک ہے جہاں یہ کانفرنس تیسری مرتبہ منعقد ہونے جارہی ہے ۔اس سے ماریشس کے عوام تک ہندی کے تئیں کتنا لگاو ہے، اس کا اظہارہوتاہے ۔
بعدازاں دن میں صدرجمہوریہ ہند نے بھارت کے ہائی کمیشن کے زیراہتمام منعقدہ ایک خیرمقدمی تقریب میں بھارتی برادری سے خطاب بھی کیا۔
اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے، صدرجمہوریہ ہند نے کہا کہ بھارت میں ہم اپنے ان بھائیوں اوربہنوں کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں، جنھوں نے پیڑھیوں قبل بھارتی ساحلوں کو خیرباد کہاتھا اور باہرجاکر بس گئے اور انھوں نے اپنی روحانی اقدار کاتحفظ کرتے ہوئے بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ بہت لمبے عرصے سے بھارتی زندگی اورمعاشرہ‘ وسودھیوکٹمب کم’ کے اصول پرعمل پیرارہاہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پوری دنیا ایک کنبہ ہے ۔ ماریشس کے لئے یہ بات اوربھی زیادہ صحیح ہے کیونکہ ہم اس ملک سے متعدد رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں ۔
صدرجمہوریہ ہند نے کہاکہ آج پہلے سے کہیں زیادہ بھارت اپنے غیرملکی شہریوں سے وابستہ ہونا چاہتاہے۔ اس مقصد کے لئے ہم نے اوسی آئی اسکیم میں خصوصی تجاویز شامل کی ہیں ۔ صدرجمہوریہ ہند نے ماریشس میں سکونت پذیربھارتی برادری کو مدعوکیاکہ وہ دہلی میں واقع پراواسی بھارتی کیندرکے پروگراموں میں شرکت کی غرض سے بھارت آئیں ۔ انھوں نے کہاکہ ماریشس کی نوجوان نسل پہلے ہی اس کیندرسے مربوط ہوچکی ہے ۔ ہمیں غیرممالک میں سکونت پذیراپنے بھارتی باشندوں کے نیٹ ورک اورپلیٹ فارم کو بھارت سے مربوط کرنا چاہیئے۔ دنیا کے دیگرحصوں میں بھی ایسے ہی رابطے قائم کرنے چاہیئں ۔
اس سے قبل صبح کے وقت ماریشس کے دووزرائے اعظم جناب پال برینگراور جناب نوین رام گوپالم نے صدرجمہوریہ ہند سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔ 14مارچ ، 2018کوصدرجمہوریہ مڈغاسکرکے لئے روانہ ہوگئے، جو ان کے دوملکوں کے دورے کا آخری پڑاؤ ہوگا۔ مڈغاسکر کا دورہ کرنے والے وہ پہلے بھارتی صدرجمہوریہ ہند ہیں ۔