نئی دہلی، صدرجمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند کل نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں موسیقاروں، رقاصوں اور تھیٹر کے فنکاروں کے ایک ممتاز گروپ کو سنگیت ناٹک اکیڈمی فیلو شپ اور سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ برائے 2016 سے سرفراز کریں گے۔ اس سال عملی فنون میں چار ممتاز فنکاروں اور دانشوروں کو اکیڈمی کی فیلو شپ سے سرفراز کیا جائے گا جب کہ 43 فنکار اکیڈمی ایوارڈ حاصل کریں گے۔
سنگیت ناٹک اکیڈمی فیلو شپ (اکیڈمی رتن) اور سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ (اکیڈمی پروسکار) قومی اعزاز ہیں جو جمہوریہ ہند عملی فنکاروں کے ساتھ ساتھ ٹیچروں اور دانشوروں کو عملی فنون کے شعبے میں دئیے جاتے ہیں۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا انتخاب اکیڈمی کی جنرل کونسل کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں موسیقار، رقاص، تھیٹر کے فنکار اور ان شعبوں کے دانشوروں کے علاوہ حکومت ہند اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نامزد کردہ افراد شامل ہوتے ہیں۔
اس سال چار فیلو شپ (اکیڈمی رتن) جناب اروند پاریکھ، محترمہ آر ویدا ولّی، جناب رام گوپال بجاج اور جناب سنیل کوٹھاری کو دئے جائیں گے۔ فیلو کو تین لاکھ روپے نقد، ایک انگ وسترم اور ایک تمر پاتر پیش کیا جاتا ہے۔ جن فنکاروں کو سنگیت ناٹک ایوارڈ 2016 سے نوازا جائے گا انہیں ایک لاکھ روپے نقد، ایک انگ وسترم اور ایک تمر پاتر پیش کیا جائے گا۔
موسیقی کے زُمرے میں 11 ممتاز فنکار اس سال اکیڈمی ایوارڈ حاصل کریں گے۔ ان میں محترمہ پدما تلوالکر اور جناب پربھاکر کاریکر، ہندوستانی ووکل میوزک کے لئے جناب اروند ملگاؤنکر، ہندوستانی انسٹرمینٹ میوزک-طبلے کے لئے محترمہ کلا رام ناتھ، ہندوستانی موسیقی-وائلن کے لئے محترمہ نیلارام گوپال اور محترمہ کے اومان کٹی، کارنیٹک ووکل میوزک کے لئے جناب جے ودیاناتھن کارنیٹک میوزک، مردنگم کے لئے جناب میسور ایم منجوناتھ، کارنیٹک میوزک-وائلن کے لئے جناب ننگ تھوجام شیان چندر سنگھ دیگر روایتی موسیقی، ناٹا سنکیرتن، منی پوری میں محترمہ رتن مالا پرکاش ، روایتی موسیقی – سنگم سنگیت کے لئے جناب احمد حسین اور محمد حسین، دیگر بڑی روایتی موسیقی- سنگم سنگیت کے لئے حسین برادران (مشترکہ ایوارڈ) سے نوازاجائے گا۔
رقص کے شعبے میں اس سال 9 ممتاز فنکاروں کو اکیڈمی ایوارڈ دیا جارہا ہے۔ ان میں بھارت ناٹیم کے لئے محترمہ گیتا چندرن، کتھک کے لئے جناب جتیندر مہاراج، کتھکلی کے لئے جناب کلامنڈلم راما چندرن انیتھان، منی پوری کے لئے جناب مایسنام کاملی کمار سنگھ، کچی پوڈی کے لئے محترمہ اے بی بالا کونڈالا راؤ، اڈیسی کے لئے جناب پی راتیکن مہاپاترا، ستریہ کے لئے جناب ہری چرن بھویان بوربایان، چھاؤ کے لئے گوپال پرساد دوبے اور ہمعصر ڈانس کے لئے محترمہ امیتا آر رتنام شامل ہیں۔
تھیٹر کے شعبے میں اس سال 9 ممتاز فنکار اکیڈمی ایوارڈ سے نوازے جائیں گے۔ ان میں پلے رائٹ کے لئے محترمہ کسم کمار، ہدایت کے لئے جناب ستیہ برت راوت، ہدایت کے لئے جناب بپن کمار، ہدایت کاری کے لئے جناب راج کمل نائک، اداکاری کے لئے جناب گریسن وی، اداکاری کے لئے جناب اوٹی نم بیراسکل سنگھ، اداکاری کے لئے جناب موہن جوشی، تھیٹر کے مختلف فنون میں میوزک کے لئے محترمہ انجناپوری، دیگر میوزک کے لئے جناب کے کوبند بھٹ اور تھیٹر کی دیگر اہم روایات کے لئے یکش گنا شامل ہیں۔
روایتی؍ لوک؍ قبائلی موسیقی، رقص، تھیٹر اور کٹھ پتلی کے شعبے میں 10 فنکاروں کو اس سال اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ان میں آندھرا پردیش کے روایتی تھیٹر کلاونتلو کے لئے محترمہ انابتولا لکشمی منگا تایارو اور محترمہ لیلا سائی (مشترکہ ایوارڈ) ، ہماچل پردیش کی لوک موسیقی کے لئے جناب یوگیش گدھاوی، جناب ودیانند سرائک، گوا کی روایتی موسیقی کے لئے جناب سومناتھ ڈی چاری، اڈیشہ کے پالا کے لئے جناب لکشمی دھر راوت، راجستھان مانڈ کے لئے چرنجی لال تنور، جموں وکشمیر کی لوک موسیقی چکری کے لئے گلزار احمد غنی، بہار کی لوک موسیقی کے لئے برج کشور دوبے اور کٹھ پتلی کے لئے پرابھی تنگسوداس اور جناب دتا تریہ ارالیکتی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ عملی فنون میں مجموعی تعاون کے لئے پپو وینوگوال راؤ اور اویناش پسریچا کو اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
سنگیت ناٹک اکیڈمی حکومت ہند نے 1953 میں قائم کی تھی اور یہ موسیقی ، رقص اور ڈرامے کی بھارت کی قومی اکیڈمی ہے۔ یہ ملک کے عملی فنون کے فروغ اور تحفظ کی ذمہ دار ہے اور مختلف شعبوں میں خصوصی پروگراموں کے ذریعے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے کام کرتی ہے۔