نئی دہلی، صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند نے 24 جولائی 2020 کو ریڈ کراس کا سامان لے جانے والے9 ٹرکوں کو راشٹرپتی بھون سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، اس موقع پر مرکزی وزیر برائے صحت اور کنبہ بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ صدر جمہوریہ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے صدر کے منصب پر بھی فائز ہیں۔
آسا، بہار اور اترپردیش کے سیلاب زدہ افراد کے لئے راحت اور بچاؤ کا سامان دہلی سے متعلقہ ریاستوں کے لئے ٹرین کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔ یہ سامان متعلقہ ریاستوں کی ریڈ کراس کی شاخوں کے ذریعے وصول کیا جائے گا۔
راحت اور بچاؤ کے سامان میں ترپال کے خیمے، ساڑیاں، دھوتیاں، سوتی کمبل، کچن کا سامان ، مچھر بھگانے والی دوائیں، چادریں، بالٹیاں، اور پانی صاف کرنے والی مشینوں کے دو یونٹ بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کووڈ – 19 سے بچاؤ کے سامان میں سرجیکل ماسک ، پی پی ای کٹس، دستانیں اور منہ کا بچاؤ کرنے والے ماسک بھی راحت اور بچاؤ کے سامان میں شامل ہیں۔