نئی دہلی۔ صدر جمہوریہ ہند جناب رامناتھ کووند نے آج نئی دہلی میں بھارت وکاس پریشد کے زیر اہتمام دیش بھکتی کے گیتوں کے نیشنل گروپ سونگ کے 43 ویں ایڈیشن کے مقابلہ سے خطاب کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور نصف ملین بچوں کی ستائش کی جنہوں نے مختلف زمروں میں شرکت کر کے اس مقابلہ کو حقیقی مقابلہ بنا دیا ۔ انہوں نے بھارت وکاس پریشد کی بھی تقریبا پچاس برسوں سے اس طرح کے گروپ نغموں کے مقابلے کا انعقاد کرنے اور اس مقابلے کے ذریعہ حب الوطنی کے جذبے کو زندہ رکھنے کے لیے ستائش کی ۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک مستحکم اور متحد ملک وطن پرست شہریوں کی ٹھوس بنیادوں پر تعمیر کی جاتی ہے ۔ حب الوطنی کے جذبے کو زندہ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آئندہ نسل کو اس کے بارے میں بتایا جائے ۔ انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے بھارت وکاس پریشد کی کوششوں کو سراہا ۔