نئی دہلی، صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج نئی دلی میں پاون چنتن دھارا چیریٹیبل ٹرسٹ غازی آباد کے یوتھ ونگ کے یوتھ اویکننگ مشن کے ذریعے منعقدہ نیشنل یوتھ سمٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج ہندوستان میں نوجوانوں کی بھرپور طاقت ہے۔ ہمارے نوجوانوں میں بہت زیادہ قابلیت اور توانائی موجود ہے۔ اس قابلیت اور توانائی کو صحیح طریقے سے فروغ دینے اور استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک کے 80 کروڑ نوجوان اپنی تخلیقی صلاحیت کے بوتے پر ہندوستان کو ترقی اور انسانی تہذیب کی نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمیں اپنی، معاشرے کی اور ملک کی بہتری اور بہبود کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے صحیح نظریے کے بارے میں بیداری اور دانش مندی کے لیے تعلیم کا رول بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کفیل اور ملک سے محبت کرنے والے لوگ ہی کسی بھی شعبۂ زندگی میں کام کر کے ملک کی تعمیر کر سکتے ہیں۔