نئی دہلی، فضائیہ کے وائس چیف ، ایئرمارشل انل کھوسلہ پی وی ایس ایم ، اے وی ایس ایم، وی ایم ، اے ڈی سی چار دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر کے بعد آج سبکدوش ہوگئے ہیں۔
9 اپریل 1959 کو پیدا ہوئے ایئر مارشل کی 1979 میں ہندوستانی فضائیہ کے لڑاکا شاخ میں تعیناتی کی گئی تھی۔ انہیں خصوصی طور پر جگوار ، مگ- 21 اور کرن ایئر کرافٹ پر 4000 گھنٹوں سے زائد حادثے سے مبرا پرواز کا تجربہ تھا۔ وہ ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج سے پوسٹ گریجویٹ بھی ہیں اور فوجی تعلیم میں ایم فل کی دو ڈگریاں انہوں نے حاصل کررکھی ہیں۔
فضائیہ کے افسر کو وسیع تجربہ تھا اور وہ ٹیکٹکس اینڈ کمبیٹ ڈیولپمنٹ اسٹبلشمینٹ (ٹی اے سی ڈی ای) اور فلائنگ انسٹرکٹرس اسکول ( ایف آئی ایس) جیسے معروف اداروں میں ڈائریکٹنگ اسٹاف تھے۔ انہوں نے جگوار اسکواڈرن اور ہندوستانی فضائیہ کے دو فرنٹ لائن اڈوں کی کمانڈنگ کی۔ اپنی سروس کے دوران ایئر مارشل کھوسلہ سینئر ایئر اسٹاف آفیسر ، سینٹرل ایئر کمانڈ ، فضائیہ ہیڈ کوارٹر (وائیو بھون) میں ڈائریکٹر جنرل ایئر (آپریشنس) ، فضائیہ ہیڈ کوارٹر (آر کے پورم) میں ڈائریکٹر جنرل (معائنہ اور تحفظ) اور ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف ایسٹرن ایئر کما نڈ سمیت متعدد عہدوں پر فائز رہے۔
اپنی امتیازی خدمات کے لئے ایئر مارشل انل کھوسلہ کو پرم وششٹ سیوا مڈل ، اتی وشیشٹ سیوا مڈل اور وائیو سینا مڈل کے ایوارڈ سے نوازا گیاتھا۔ ایئر مارشل نے 9 اپریل کو اپنی 60 ویں سالگرہ منائی اور اپنی سروس کے آخری دن تک ایک فوجی کی حیثیت سے برقرار رہے۔