نئی دہلی،؍جولائی،ماحولیات ، جنگلات اور آب وہوا میں تبدیلی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا ہے کہ فطرت میں عدم توازن کو روکنے کیلئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پیڑ لگانے چاہئیں۔ آج یہاں اشوک وہار کے اشوک گارڈن میں پود لگانے کے ایک پروگرام کی قیادت کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے پیڑ لگانے کے کام کو ایک آفاقی کام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہر ایک کو پود لگانی چاہئے بلکہ اس کی اپنے گھر کے ایک رکن کے طور پر دیکھ بھال بھی کرنی چاہئے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پیڑوں کا ہماری زندگی میں بہت اہم مقام ہے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ پیڑ نہ صرف ماحولیات کو صاف ستھرا بناتے ہیں بلکہ ہمیں زندگی بخش آکسیجن، پھل، پھول، سایہ اور ٹھنڈا ماحول فراہم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس بات کا اشارہ کیا کہ جب سے وہ ماحولیات کے وزیر بنے ہیں انہیں ملک کے کئی علاقوں میں پود لگانے کا موقع حاصل ہوا ہے لیکن آج یہاں بارش میں بھیگتے ہوئے پود لگانے سے انہیں جو خوشی حاصل ہوئی ہے وہ ایک بالکل علیحدہ تجربہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برسات کے دنوں میں پودے زیادہ تیزی سے پھلتے پھولتے ہیں اس لئے اس سیزن میں زیادہ سے زیادہ پود لگانے چاہئے۔ پروگرام کے دوران وزیر موصوف نے ماحولیات کے تحفظ کیلئے لوگوں سے الرٹ رہنے پر زور دیا اور ان سے کہا کہ ہر شخص کو روزانہ کم از کم ایک کام ماحولیات کیلئے کرنا چاہئے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ہفتے میں کم از کم ایک دن سائیکل کا استعمال کریں کیونکہ یہ ماحولیات کے لئے مفید ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کیلئے بھی اچھی ہے۔ وزیر موصوف نے جنگلی نباتا وحیوانات کے تحفظ پربھی زور دیا۔