نئی دہلی، فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے 13 ستمبر 2019 کو فوج کی سروس کور کی وہائٹ واٹر رافٹنگ ٹیم ’’ایکوا اسٹیلین‘‘ کے ساتھ بات چیت کی۔ اس ٹیم نے لیہہ میں زنس کار دریا میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک کا سفر 10 گھنٹے 10 منٹ کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔
24 رکنی رافٹنگ ٹیم کو تین ستمبر 2019 کو لیہہ سے 14 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ، لیفٹیننٹ جنرل وائی کے جوشی نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔ ٹیم نے لداخ کے زنس کار دریا میں گریڈ – 4 ریپڈ ، خراب موسم اور پدم سے نمو تک ( 160 کلو میٹر ) انتہائی کم درجہ حرارت وغیرہ کا سامنا کیا۔ ٹیم نے یہ دریا پار کرنے کا 10 گھنٹے 10 منٹ کا پچھلا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور 7 گھنٹے 51 منٹ کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ٹیم کے ذریعے قائم کئے گئے اس ریکارڈ کو انڈیا بک آف ریکارڈ میں آرمی ایڈ وینچر ونگ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ ٹیم بالکل نئی تھی اور اس نے پہلے کبھی کسی مہم میں حصہ نہیں لیا تھا۔ اس ٹیم کو انڈیا بک آف ریکارڈ نے 8 ستمبر 2019 کو لیہہ میں ان کی کامیابی پر عزت افزائی کی۔