نئی دہلی، قبائلی امور کی وزارت کے تحت ٹرائبل کو آپریٹیو مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا اور آیوش کی وزارت کے تحت نیشنل میڈیسینل پلانٹ بورڈ نے آج ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد بنیادی سطح پر جنگلاتی علاقے سے جڑی بوٹیوں کی ابتدائی سطح پر قدر میں اضافہ کرکے قبائلیوں کے لیے روزی روٹی کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے جنگل میں جڑی بوٹیوں کو فروغ دینا ہے۔
مفاہمت نامے پر دستخط کے موقع پر قبائلی امور کے وزیر جناب جوال اورم نے کہا کہ قبائلی لوگ جڑی بوٹیاں اور دواؤں میں کام آنے والے دیگر پودے اگاتے رہے ہیں لیکن انہیں اب بھی ان کے بارے میں معلومات نہیں ہے اور نہ ہی انہیں قدر و قیمت کا پتہ ہے تاہم اس مفاہمت نامے سے انہیں جڑی بوٹیوں کی اہمیت کا پتہ لگانے میں مدد ملے گی اور انہیں اپنی ان جڑی بوٹیوں کی اچھی قیمت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریند ر مودی کی کوششوں کے ذریعہ حکومت نے اپنی توجہ ون دھن کی جانب منتقل کردی ہے اور مفاہمت نامے میں اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ وزیراعظم کے اس ویژن کو مزید آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کو جو صدیوں سے ہندوستان میں موجود ہے اسی وقت مقبولیت حاصل ہوئی ہے جب اس کی مناسب ڈھنگ سے تشہیر ہوئی ہے۔ لہذا یہی وقت ہے کہ قبائلی لوگوں کے ذریعہ جڑی بوٹیوں کی مناسب تشہیر کی جائے تاکہ جنگلوں میں پیدا ہونے والی جڑی بوٹیوں کو مقبولیت حاصل ہوسکے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ اس طرح کی کوششوں کے ذریعہ ہزاروں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری اس سیکٹر میں ممکن ہوسکے گی اور یہ پروڈکٹس جلد ہی بین الاقوامی بازار تک پہنچ سکیں گے۔
آیوش کے وزیر مملکت جناب شری پد یسو نائک نے کہا کہ اس مفاہمت نامے روزگار پیدا کرنے میں مدد ملے گی اور قبائلی عوام کی صلاحیت کو فروغ حاصل ہوسکے گا اور یہ ان کے لئے فائدے کا سودا ثابت ہوگا۔ قبائلی امور کے وزیر مملکت جناب سدرشن بھگت نے مزید کہا کہ کیونکہ بیشتر قبائلی زراعت سے جڑے ہوئے ہیں لہذا یہ مفاہمت نامہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے وزیراعظم کے ویژن کے حصول کی سمت میں بھی ایک اور قدم ہوگا۔
آیوش کی وزارت کے سکریٹری جناب ویدیہ راجیش کوٹیچھا نے کہا کہ مفاہمت نامہ اس طرح کی مصنوعات کے لئے سپلائی چین منیجمنت کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور اس سے ٹرائبل کو آپریٹیو مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا اور نیشنل میڈیسینل پلانٹ بورڈ ، دونوں کو فائدہ ہوگا۔ قبائلی امور کی وزارت کے سکریٹری دیپک کھنڈیکر نے کہا کہ یہ مفاہمت نامہ قبائلی آبادی کو ان کی مصنوعات کی اچھی قیمت حاصل کرنے میں زبردست معاون ثابت ہوگا۔