نئی دہلی، بجلی اور نئی نیز قابل تجدید توانائی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب آر کے سنگھ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی اعتبار سے صحت مند اور صاف ستھرا ہندستان حکومت کے طویل مدتی مقاصد میں سے ایک اہم مقصد ہے۔ زرعی بھوسے اور شہر کے ٹھوس کچرے کو بجلی میں تبدیل کرنے سے متعلق این ٹی پی سی کی دو روزہ کانفرنس کا آج افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقصد یہ ہے کہ ماحولیاتی صحت اور سووچھ بھارت کا دھیان رکھتے ہوئے بجلی پیدا کی جائے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ سماجی مقصد ایک صحت مند کرّہ کاقیام ہے لیکن اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے لاگت بہرحال آئے گی۔ اس سلسلہ میں ایسی پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے جو طویل مدتی سماجی مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد گار ہوں سکیں اور ہندستان کو صاف ستھرا بنانے میں معاونت کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی بھوسے اور ٹھوس کچرے سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے اس چیلنج کو قبول کیا جائے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے این ٹی پی سی کے سکریٹری جناب اے کے بھلا نے کہا کہ یہ کمپنی پورے ملک کی ایک بڑی اہم کمپنی ہے ۔ انہوں نے ایک صاف ستھرے ماحول کے مسائل کو حل کرنے میں کمپنی کے اختراع کے جذبے کی ستائش کی۔ یہ کانفرنس اس معاملے سے دلچسپی رکھنے والے تمام افراد اور اداروں کے لئے بات چیت اور تبادلہ خیال کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
این ٹی پی سی نے فضائی آلودگی دور کرنے کی اپنی کوشش کے تحت زرعی بھوسے پر مبنی اپلے حاصل کرنے کے لئے ٹینڈر طلب کئے ہیں۔ یہ کمپنی این ٹی پی سی دادری سے زرعی بھوسے پر مبنی دو سو میٹرک ٹن ایندھن یومیہ حاصل کرنے کا وعدہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اس سے سالانہ تقریباً 150 ایم یو بجلی پیدا کی جاسکے گی۔
این ٹی پی سی زرعی بھوسے اور ٹھوس کچرے سے بجلی حاصل کرنے کے سلسلہ میں سرگرمی سے کام کررہی ہے اور اس سلسلہ میں اس معاملے سے دلچسپی رکھنے والوں سے برابر رابطہ میں ہے۔