نئی دہلی۔ ؍اکتوبر۔نائب صدرجمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ موجودہ ہندوستان میں مختلف چیلنجوں سے نپٹنے کے لئے حکومت کے ایسے طریقہ عمل کی ضرورت ہے جس میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیاگیا ہو۔ وہ آج یہاں انڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن( آئی آئی پی اے) کی 63 ویں سالانہ عام میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ آئی آئی پی اے ہندوستانی انتظام کے6 سے زیادہ عشروں کے تجربے سے تبدیلیاں لارہا ہے۔ اصلاحات کا جائزہ لے رہا ہے اور ریسرچ تجزیہ اور تربیتی پروگرام چلارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پبلک انتظامیہ ہمیشہ ہی تبدیلی کے حق میں رہی ہے۔ یہ تبدیلی خواہاں سماج میں ہو، اقتصادیات میں ہو یا سیاسی زندگی میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑی جمہوریت میں ایسا ہونا اور بھی ضروری ہے۔
نائب صدرجمہوریہ نے رائے ظاہر کی کہ ہمیں ا نتظام چلانے کی اپنی صلاحیتوں کو دوبارہ سے مرتب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی شہریوں پر مرتکز اور اختراعی نوعیت کی اسکیموں پر عملدرآمد کیاجاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ہندوستان کا پندرہ سالہ ترقیاتی ایجنڈا اقوام متحدہ کے دیرپا ترقیاتی مقاصد سے پوری طرح ہم آہنگ ہے جو شہریوں پر مرتکز ہےہمارے سامنے جو ایجنڈا ہے وہ عوام کے تمام طبقوں تک پہنچ کر اچھی حکمرائی فراہم کرنے کے لئے سوراج کو سوراج تبدیل کرنا ہے۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہمیں زیادہ صلاحیت اور اثر پذیری کے مقصد کو ذہن میں رکھناچاہئے اور ہمیں حکمرانی کے اپنے نظاموں میں جانچ اور مستقل سبق حاصل کرنے کے کلچر کو فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی آئی پی اے ریاستی سطح پر اسی طرح کے دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمرانی کی اصلاح کا ایجنڈا تیار کرے گا اور حکمرانی کا ایک ایسا نظام مرتب کرے گا جو عوام پر مرتکز ہو۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ پروگراموںپر انتیودے حکمت عملی کے ذریعہ عملدرآمد کیاجاناچاہئے جس میں غریب اور آبادی کے ا یسے گروپوں پر توجہ دی گئی ہے جس تک رسائی مشکل ہے۔ ہماری حکمت عملی زیادہ انسان دوست اور شمولیت والی ہونی چاہئے جس میں خواتین ، معذور افراد پر توجہ دی جائے اور جمہوریت کے فائدے بغیر کسی تفریق کے عوام کے تمام طبقوں تک ‘‘ سب کاساتھ سب کا وکاس’’ کے جذبے کے ساتھ پہنچنے چاہئیں۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ افسران اور پورے انتظامیہ نظام کو آج کے ترقیاتی عمل کو سمجھناچاہئے اور ہر شہری کی خدمت کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے کام کرناچاہئے۔وقت کا تقاضہ ہے کہ حکمرانی کے نظام کا ارتکاز عوام پر ہوناچاہئے۔
نائب صدرجمہوریہ نے بہت سے اشاعتوں کا اجراء کیا اور آئی آئی پی اے کی آن لائن لائبریری‘‘ ڈیجیٹل نالج ریپوزٹری’’ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے آئی آئی پی اے کی سرکردہ خدمات انجام دینے اور پبلک انتظامیہ کے میدان میں خدمات انجام دینے والوں کو پال ایچ ایپلپی ایوارڈس بھی تقسیم کئے۔