نئی دہلی، محنت اور روزگار کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب سنتوش کمار گنگوار نے آج نئی دہلی کے وگیان بھون میں سال 2017 کے لئے وشو کرما راشٹریہ پرسکار (وی آر پی) اور نیشنل سیفٹی ایوارڈ ( این ایس اے) عطا کئے۔ ان ایوارڈس کی اسکیمیں وزارت میں ڈائریکٹوریٹ جنرل فیکٹری ایڈوائز سروس اینڈ لیبر انسٹی ٹیوٹ ( ڈی جی ایف اے ایس ایل آئی) ، ممبئی نامی تکنیکی شاخ کے ذریعے چلائی جاتی ہیں، جو محنت اور روزگار کی وزارت سے منسلک ایک دفتر ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ایوارڈ پانے والوں کو ان کی سخت محنت اور بہترین کارکردگی کے لئے ان کے عہد پر مبارک باد دی۔ ڈی جی ایف اے ایس ایل آئی کے صنعتی ورکروں کے لئے تحفظ کو فروغ دینے میں اس کے رول کی ستائش کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ روز گار اور محنت کی وزارت نے دفعہ – 35 اے اور 370 کی منسوخی کے بعد ڈی جی ایف اے ایس ایل آئی اور ڈی جی مائنس کے دفاتر جموں وکشمیر میں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جناب گنگوار نے مزید کہا کہ اس خطے کے ورکروں کو سماجی سکیورٹی فراہم کرنے کی خاطر ای پی ایف او کا دفتر جموں وکشمیر اور لیہہ میں بھی کھولا جائے گا۔
کارکردگی والے سال 2017 کے لئے مختلف صنعتوں سے کُل 197 درخواستیں موصول ہوئی تھیں ، جن میں سے 28 ایوارڈ دیئے جاتے ہیں۔ یہ 28 ایوارڈ 131 افراد میں تقسیم کئے جاتے ہیں۔ سال 2017 کے لئے تمام 12 اسکیموں میں این ایس اے ایوارڈ پانے والے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کی تعداد 130 تک پہنچ گئی ہے (81 جیتنے والے اور 49 دوسرے نمبر پر آنے والے ) ، ان افراد کو 288 درخواستوں میں منتخب کیا گیا ہے جو مختلف اسکیموں کے تحت موصول ہوئی تھیں۔
محنت اور روز گار کی وزارت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں وزیر موصوف نے کہا کہ ’’ سماجی سکیورٹی کے کوڈ ‘‘ کا مسودہ تیار ہے اور اسے فریقین کے درمیان جلد ہی بھیجا جائے گا، تاکہ ان کی رائے حاصل کی جاسکے۔