نئی دہلی، شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر مملکت ( آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج آسام کے شہر گوہاٹی میں نارتھ ایسٹرن ریجنل ایگریکلچرل مارکیٹنگ کارپوریشن لمیٹیڈ (این ای آر اے ایم اے سی) مارکیٹنگ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ شمال مشرقی کونسل این ای سی کے سکریٹری جناب رام موئیوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر منعقد ایک تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ مارکیٹنگ کمپلیکس شمال مشرقی خطے کی مصنوعات کو پیش کرنے کے لئے ایک منزل ہوگی۔ نہ صرف آسام بلکہ پورا شمال مشرقی خطہ اس سے فائدہ اٹھائے گا اور یہ باقی ہندوستان کے سامنےاپنی مصنوعات کی نمائش کر سکے گا۔ اس طرح اسے اپنی مصنوعات کو پیش کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ گوہاٹی اب ہندوستان میں ایک بہت اہم میٹروشہر بن گیاہے اور وہ دن دور نہیں، جب یہ جگہ ملک بھر کے نوجوان صنعت کاروں اور نوجوان اسٹارٹ اپس کے لئے ایک پسندیدہ منزل ہوگی۔اس پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ ایک خواب ہے کہ یہ کمپلیکس جتنی جلدی ممکن ہو، کام کرنے لگے اور جو بھی اضافی لاگت کی ضرورت ہوگی، اسے شمال مشرقی کونسل کے ذریعہ فراہم کی جائے گی۔ وزیر موصوف نے بھومی پوجن میں بھی حصہ لیا، جو آج کی تقریب کے دوران کی گئی تھیں۔
شمال مشرقی کونسل کے سکریٹری جناب رام موئیوا نے اپنی تقریر میں کہاکہ یہ دن این ای آر اے ایم اے سی کے لئے ایک خوشی کا یادگار دن ہے، کیونکہ یہ کافی لمبے انتظار کے بعد مکمل ہو پایا ہے۔ انہوں نے شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس خواب کو پورا کرنے کی سمت نمایاں رول ادا کیا۔
این ای آر اے ایم اے سی کے منیجنگ ڈائرکٹر جناب پنکج نے اپنی تقریر میں کہاکہ یہ پہل زرعی باغبانی کے شعبہ میں ایک نیا کارنامہ ہوگا، جہاں شمال مشرقی خطے کے تمام کسان اور صنعت کا روں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم حاصل ہو جائے گا، جہاں وہ اپنی مصنوعات کی نمائش کر سکیں گے اور انہیں اپنی منصنوعات کے لئے مارکٹ حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ این آر اے ایم اے سی شمال مشرقی خطے کے کسانوں کی ترقی کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور وہ 2022 کے آخر تک کسانوں کی آمدنی دو گنا کرنے کی بھی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ اس طرح شمال مشرق کے گوہاٹی شہر کے قلب میں اس عمارت کی تعمیر اس سمت میں ایک امید افزا قدم ہوگا۔
این ای آر اے ایم اے سی شمال مشرقی کونسل (این ای سی) کے تعاون سے 2007 مربعہ میٹر یعنی 1.5بیگھا زمین میں 6میل گوہاٹی میں اپنے مارکیٹنگ کمپلیکس کی تعمیر کر رہی ہے۔ یہ عمارت دو مرحلوں میں تیار کی جائے گی۔پہلے مرحلے میں عمارت کے بلاک- I میں(آفیس اور مارکیٹ کمپلیکس) چوتھی منزل تک تعمیر کی جائے گی اور 13.15کروڑ روپے کی لاگت سے بلاک-II(گیسٹ ہاؤس) پہلی منزل تک تعمیر کی جائے گی۔
آفس اور مارکیٹنگ کمپلیکس کی اس عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈ شمال مشرقی کونسل کے ذریعہ دیا جائے گا۔
اس عمارت کو اس طرح تیار کیا جائے گا کہ اس میں ماحولیاتی آلودگی نہیں ہوگی اور یہ اس خطے میں سب سے جدید عمارت ہوگی۔ اس عمارت میں زرعی باغبانی خردہ مرکز کی گنجائش ہوگی، جہاں شمال مشرقی خطے کے تمام کسانوں اورصنعت کار وں کو اپنی مصنوعات کی نمائش کے لئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم حاصل ہوگا اور وہ اپنی مصنوعات فروخت کر سکیں گے۔
دوسری جانب این ای آر اے ایم اے سی کے مجوزہ آفس اور مارکیٹنگ کمپلیکس میں بہتر تال میل کے لئے ایک سنگل روف کے تحت زرعی باغبانی سے متعلق سرکاری محکموں کو جگہ دینے کے لئے گنجائش بھی ہوگی اور وہ حکومت کی اسکیموں کو فراہم کرانے کے لئے کسان گروپوں اور صنعت کاروں کو ایک ہی جگہ سے تمام سہولتیں فراہم کر سکے گا۔