نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے آج منی پور میں متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ جناب امت شاہ نے غیر روایتی طریقے سے امپھال میں ای آفس اور تھوبل کثیر مقصدی پروجیکٹ(تھوبل ڈیم)کا افتتاح کیا۔ انھوں نے سات بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جن میں چوراچندپور میڈیکل کالج، منتری پکھری میں آئی ٹی- ایس ای زیڈ، دوارکا (نئی دہلی) میں منی پور بھون اور امپھال میں مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر شامل ہیں۔ شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، منی پور کے وزیر اعلیٰ جناب این-برین سنگھ، قانون ساز اسمبلی اسپیکر اور دیگر عہدہ داران اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر جناب امت شاہ نے کہا کہ یہ دن وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں شروع کئے گئے منی پور کے ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کا مظہر ہے۔ بہت سے کام آج ایک ہی دن میں شروع ہورہے ہیں جن میں چوراچندپور میں ایک میڈیکل کالج، منتری پکھری میں آئی آئی آئی ٹی اور آئی ٹی- ایس ای زیڈ شامل ہیں جو پورے شمال مشرق کے لئے ترقی کے رخ پر رہنمائی کریں گے۔ جناب شاہ نے کہا کہ امپھال میں ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر اور سمارٹ انٹی گریٹڈ سینٹر، سمارٹ حکمران کو آگے بڑھانے میں مدد کریں گے۔ جناب شاہ نے کہا کہ آئی آئی آئی ٹی اور آئی ٹی- ایس ای زیڈ منی پور کے نوجوانوں کو پوری دنیا سے جوڑدیں گے۔آئی ٹی – ایس ای زیڈ کی تشکیل کے بعد منی پور کی مجموعی داخلی پیداوار میں سالانہ 4600 کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا اور 44 ہزار لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ میڈیکل کالج کے قیام سے منی پور کے نوجوان ڈاکٹروں کی حیثیت سے سامنے آئیں گے اور ریاست میں صحت کے نظام کو تقویت ملے گی۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جناب نریندر مودی کی قیادت میں ریاستی وزیر اعلیٰ نے منی پور کو بند اور ناکہ بندی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ مودی جی پورے شمال مشرق کی ترقی کے لئے پرعزم ہیں اور یہاں کے لوگوں کے اعتماد کو کبھی زک نہیں پہنچنے دی جائے گی۔جناب شاہ نے کہا کہ منی پور کے وزیر اعلیٰ جناب برین سنگھ نے پچھلے تین برسوں میں قابل ذکر کام کیا ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں ایک بھی بند نہیں منایا گیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں لوگ پنپتے ہیں۔ جناب برین سنگھ نے ہندوستان کے وزیر اعظم کی قیادت میں منی پور کو نہ صرف ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے بلکہ اسے ایک نئی شناخت عطا کی ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ پورا شمال مشرق وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے دل میں بستا ہے اور وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مشرقی ہند اور مغربی ہند مادر وطن ہند کے دو بازو ہیں۔ مغربی ہندوستان نے ترقی کرلی لیکن مشرقی ہندوستان کی ترقی کے بغیر ہندوستان ترقی نہیں کرسکتا۔ سال 2014 کے بعد جناب نریندر مودی کی قیادت میں شمال مشرق میں ترقی کی لہر چل پڑی ہے۔ اس سے پہلے شمال مشرق علیحدگی پسندی اور مختلف نوعیت کی شورش پسندی کی تحریکوں کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا۔ گزشتہ ساڑھے چھ برسوں میں بہرحال بہت سی تنظیموں نے اپنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور مودی جی کی قیادت پر اعتماد رکھنے والی باقی تنظیمیں بھی اصل دھارے میں شامل ہوجائیں گی۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سے پہلے کبھی بھی شمال مشرق کو اتنی توجہ نہیں ملی تھی۔ دوسری طرف جناب مودی نے پچھلے ساڑے چھ برسوں میں چالیس بار سے زیادہ شمال مشرق کا دورہ کیا جس میں وہ تمام ریاستوں میں گئے جو ثابت کرتا ہے کہ مود جی شمال مشرق کو کتنی ترجیح دیتے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ مودی جی لوگوں کے دلوں سے آگاہ ہیں۔ منی پور کے اصل باشندوں کے لئے انرلائن پرمٹ کا مطالبہ کئی برسوں سے کیا جارہا تھا۔ مودی جی نے 11 دسمبر 2019 کو منی پور کو انرلائن پرمٹ کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا۔ ان کے نزدیک یہ اجازت نہ دینا ریاست کے اصل باشندوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔ وزیر اعظم نے منی پور کو انر لائن پرمٹ کی اجازت دیدی ، یہ منی پور ریاست کے قیام کے بعد سے مرکزی حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔
تھوبل کثیر مقصدی پروجیکٹ کے حوالے سے جناب امت شاہ نے کہا کہ 2004 میں اٹل جی کے زمانے میں یہ اسکیم شروع کی گئی تھی لیکن 2014 تک کچھ نہیں ہوا۔ یہ پروجیکٹ کاغذ پر ہی پڑا رہا۔ 2016 میں مودی جی نے اسے پھر شروع کیا جس کے لئے 462 کروڑ روپے دیئے گئے۔ آج 35،104 ہیکٹئر میں آبپاش کا نظام تکمیل کے مرحلے میں ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ پہلے پروجیکٹوں کو شروع کرنے کی رسمی تقریب تک ہی چھوڑ دیا جاتا تھا۔ اب موی جی کی قیادت میں ان تمام پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جارہا ہے جن کے لئے سنگ بنیاد سابقہ حکومتوں نے رکھے تھے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ قبل ازیں ریاست میں صرف 6 فیصد لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب تھا لیکن جل جیون مشن کے تحت پچھلے 3 برسوں میں پینے کا پانی 6 فی صد سے بڑھا کر 35 فیصد گھروں تک پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔ بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد بھی 222 فی صد بڑھی ہے جو آنے والے دنوں میں سیاحت کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔ جناب شاہ نے کہا کہ منی پور جغرافیائی اعتبار سے اسٹارٹ اپ پلان کے لئے انتہائی اہم ریاست ثابت ہوگی اور مودی جی کی شروع کردہ اس اسکیم سے 1،186 نوجوانوں نے استفادہ شروع کردیا ہے جو انتہائی حوصلہ افزا علامت ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ چودھویں مالیاتی کمیشن کے مقابلے میں پندرہویں مالیاتی کمیشن کے دوران 251 فی صد کا اضافہ ہوا ہے اور ہماری حکومت نے شمال مشرق کے لئے مختص کی جانے والی رقم 89،168 کروڑ روپے سے بڑھا کر 3،13،375 کروڑ کردیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ انھوں نے منی پور میں نیشنل فارینسک سائنس یونیورسٹی سے وابستہ کالج کھولنے کی تجویز پیش کی تاکہ شمال مشرق کے بچے اس شعبے میں بھی آگے بڑھ سکیں۔