نئی دہلی، آج وگیان بھون نئی دلی میں منعقدہ ہندی دیوس سماروہ 2019 میں امور داخلہ کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ ڈائس پر امور داخلہ کے وزیر مملکت جناب نتیہ آنند رائے اور جناب جی کشن ریڈی کے ساتھ سرکاری زبان کے محکمے کے سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹری بھی موجود تھے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ اگرچہ تنوع میں اتحاد ہندوستان کی خصوصیت کو ظاہر کرتا ہے لیکن ثقافتی طور پر متحد کرنے والے ایک لازمی عنصر کے طور پر ایک زبان کی ضرورت ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ گاندھی جی اور سردار پٹیل نے بھی، جنھوں نے متحد ہندوستان کی تشکیل کی، عوام سے اپیل کی کہ وہ ہندی کو قومی زبان کے طور پر تسلیم کریں۔ جناب امت شاہ نے ہندی کو مقبول بنانے میں سرکاری زبان کے محکمے کے ذریعے کیے گئے کام کی تعریف کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہندی کو دنیا کی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی زبان بنانے کے لیے کام کریں۔ جناب امت شاہ نے ایسے ضروری عنصر کے طور پر بھی ہندی پر زور دیا جو ہندوستان کو متحد کرتا ہے۔
جناب امت شاہ نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ ہندی سے جُڑیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین ساز اسمبلی کی گوناگونیت کے باوجود اسمبلی میں قومی زبان کے طور پر ہندی کو متفقہ طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ہندوستان کے ثقافتی اتحاد کو یقینی بنانے کے لیےبھی بہت اہم تھا۔ لسانی اعتبار سے ہندوستان کے مالا مال ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 122 زبانیں اور 19500 سے زائد بولیاں بولی جاتی ہیں۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ جو ملک اپنی زبان کو فراموش کر دیتا ہے وہ اپنے ثقافتی وجود کو ختم کر دیتا ہے۔ زبان ہمیں قوم کی جڑوں سے جوڑتی ہے۔ ہندوستان کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب امت شاہ نے اُن سے اپنا جائزہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر ہم اپنی زبان کو کھو دیں گے تو ہم اپنی ثقافت سے الگ تھلگ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی مالدار ترین زبانیں ہندوستان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ہندوستانی زبانوں کی گہرائی بے مثال ہے کیونکہ ہندوستانی ثقافت کی گہرائی بھی اسی طرح بے مثال ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ ہمیں ہندی اور اپنی دیگر زبانوں کے بارے میں احساس کمتری کو چھوڑ دینا ہوگا، جو کہ ہمارے ذہنوں پر انگریزی سامراج کے اثر سے طاری ہوئی ۔ انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں میں قومی زبان کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم ہندی کی اہمیت کو سمجھیں گے تبھی وہ آگے بڑھے گی اور ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زبان پر فخر ہونا چاہیے۔ زبانوں کے فروغ میں اساتذہ کے رول کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور معلموں کو طلبا میں ہندی کے بارے میں فخر کا احساس بھرنا ہوگا۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ زبانوں کا تنوع ہمارے ملک کی طاقت ہےپھر بھی ایک قومی زبان کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکی زبانیں اور ثقافتیں ہماری زبانوں اور ثقافتوں پر غلبہ حاصل نہ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ہندی دیوس سماروہ ایک عوامی پروگرام ہوگا۔ کیونکہ ہندی عوام سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہندی دیوس کو دلی سے باہر لے جائے گی اور ملک بھر میں ہندی سپتاہ منائے گی۔ انہوں نے ہندی کو جنگ آزادی کا دل اور اس کی روح بتایا۔
جناب امت شاہ نے ہندی کے لیے ونوبا بھاوے کی محبت کا ذکر کیا اور گاندھی جی کے اس قول کو بھی یاد کیا کہ کوئی بھی ملک اپنی قومی زبان کے بغیر گونگا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت کا اظہار کرنے کی ہماری صلاحیت اپنی قومی زبان کی عدم موجودگی میں ختم ہو جائے گی۔ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کا حوالہ دیتے ہوئے جناب امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان میں ہندی کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں ہے اور ایک مملکت کی زبان وہی ہونی چاہیے جس کو عوام سمجھ سکیں ۔انہوں نے پرشوتم داس ٹنڈن کا ذکر کیا جن کا کہنا تھا کہ قومی زبان ایک ملک کے لیے لازمۂ حیات ہوتی ہے۔
جناب امت شاہ نے سابق وزیراعظم جناب اٹل بہاری واجپئی کے اس زمانے کو یاد کیا کہ ، جب وہ 1977 میں اقوام متحدہ میں ہندی میں تقریر کرنے والے پہلے وزیر خارجہ بن گئے تھے۔ انہوں نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندی کے معاملے میں ہندوستانیوں کے احساس کمتری کو ختم کرنے لیے یہ ایک کوشش تھی۔
انہوں نے عالمی سطح پر ہندی کے فروغ کے لیے امور خارجہ کی سابق وزیر محترمہ سشما سوراج کے کام کاج کی بھی تعریف کی جنھوں نے سوشل میڈیا سمیت ہندی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیےاقوام متحدہ کی حوصلہ افزائی کی۔ اسی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کا ہندی ٹوئیٹر اکاؤنٹ سامنے آیا۔
ہندی کے تئیں عہد بندی کے لیے وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم تارکین وطن سے خطاب کرتے ہیں تو ہندی میں بولتے ہیں۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اور داؤس میں عالمی اقتصادی فورم میں بھی ہندی میں خطاب کیا ۔ اس سے وہ انگریزی کے علاوہ کسی دیگر قومی زبان میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرنے والے پہلے سربراہ مملکت بن گئے ہیں۔
جناب امت شاہ نے اداروں اور لوگوں سے کہا کہ وہ ہندی کی ترقی اور اس کے استعمال کے لیے وقف ہو جائیں۔ انہوں نے میڈیسن، انجینئرنگ اور قانون جیسے تکنیکی شعبوں میں ہندی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 2024 کے انتخابات تک ہندی مزید اونچائیوں پر پہنچ چکی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی دیگر زبان کی قیمت پر ہندی کو کبھی فروغ نہیں دیا جائے گا، کیونکہ ہندی بقائے باہمی کی زبان ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ اگرچہ تیلگو ان کی مادری زبان ہے لیکن انہیں ہندی سے بھی اتنی ہی محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان اور قومی زبان کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ساز اسمبلی نے ایک قومی زبان کے طور پر ہندی کو تسلیم کیا تھا کیوں کہ جنگ آزادی کے دوران یہ مختلف ثقافتوں ، مذاہب اور خطوں کے درمیان اتحاد کا ایک ذریعہ رہی ہے۔ انہوں نے ہندی کو ملک کے لیے اپنے آپ پر فخر کرنے کا ایک ذریعہ بتایا۔ انہوں نے ہندی کےلیے مشہور تمل شاعر سبرمنیا بھارتی کی محبت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندی ہندوستان کا عظیم سماجی اور ثقافتی ورثہ ہے اور یہ ہندوستان کے ایک طاقتور ثقافتی سرمایے کے طور پر ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کثیر ملکی فرمیں بھی ہندی کو کام کاج کی ایک زبان کے طور پر تسلیم کر رہی ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کی فلموں کے ساتھ ہندی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ہندی کے فروغ سے ہندوستان کی سافٹ پاور میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ہندی کی ترقی اور اسے مقبول بنانے کے لیے آئی ٹی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی حمایت کی۔
وزیرمملک جناب نتیہ آ نند رائے نے کہا کہ زبانیں سماجوں اور ملکوں کی روح ہوتی ہے۔ لوگ اپنے خیالات کا اظہار اپنی زبانوں میں ہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندی میں ہمارے جذبات اور خواہشات شامل ہیں اور یہ پورے ہندوستان کو جوڑنے والی زبان کے طور پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے ہندی کو ہندوستانی جمہوری نظام کی علامت بتایا اور کہا کہ ہماری قومی شناخت ، ہماری قومی زبان کی طاقت او رمقبولیت پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے ہمیں ہندی کے فروغ اور ترقی کی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے سرکاری کام کاج میں ہندی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور ریاستی حکمتوں کے سرکاری کام کا میں مختلف علاقائی زبانوں کے استعمال کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد انتیودیہ ہے۔ اور ہندی اس مقصد کے حصول میں ایک اہم رول ادا کرتی ہے۔ کیونکہ یہ ملک بھر میں بات چیت کی سب سے زیادہ عام زبان ہے۔
جناب امت شاہ نے ای سرل ہندی واکیہ کوش اور ای مہا شبد کوش موبائل اییپ کا آغاز کیا۔ یہ دونوں سرکاری زبان کے محکمے کی پہل ہیں جن کا مقصد ہندی کی فروغ کے لیے اطلاعاتی ٹکنالوجی کو استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے ہندی کے فروغ کے لیے نمایاں کارکردگی پر سرکاری محکموں اور ان کی سرکاری شعبے کی اکائیوں کو بتدریج راج بھاشا گورو پرسکار اور راج بھاشا کیرتی پرسکار سے بھی نوازا۔