نئی دہلی۔ ؍ستمبر۔مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ایک نئے بھارت کے وزیراعظم کے خواب کو پورا کرنے میں مدد دینے پر نوجوان آئی اے ایس پروبیشنر کو سراہا۔ اتراکھنڈ میں مصوری میں واقع لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن (ایل بی ایس این اے اے) میں 92ویں فاؤنڈیشن کورس کے افسران ٹرینیز سے خطاب کرتے ہوئے آج جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ آپ کو لوگوں کی مدد کرنے کیلئے محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ لوگوں کو عوام کے مابین اپنی محنت کے تئیں اعتماد کا احساس پیدا کرنا ہوگا۔
یہ ذکر کرتے ہوئے کہ خدا نے ان کو انسانیت اور ملک کے عام شہریوں کی خدمت کا ایک موقع فراہم کیا ہے ، مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ افسران کو چاہئے کہ وہ ان شہریوں سے ہمدردی رکھیں جو اپنی پریشانیاں بیان کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آپ کو ان کی پریشانیوں کے حل میں تاخیر کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔ ا نہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کی سوچ انفرادی سطح کی نہیں ہونی چاہئے ۔ آپ کی سوچ ہمیشہ نظام کے تحت ہونی چاہئے۔
نوجوان آئی اے ایس افسران کو انا پرستی کے خلاف خبر دار کرتے ہوئے جناب سنگھ نے کہا کہ انا پرستی ایک صفر کی طرح ہے جو اگر انسان کے اندر پیدا ہوجائے تو بالکل ایسا ہے جیسے کسی ہندسے سے پہلے صفر لگاکر اس کی قدر کم کردی جائے۔ انہوں نے ان افسران کو اعلیٰ اخلاقی اقدار کا عہدبند رہنے اور مثالی کردار نبھانے کے لئے بھی کہا۔ انہوں نے کہا کہ ’ ’تم صرف اس وقت دوسروں کے لئے مثالی کردار بن سکتے ہو جب تم اعلیٰ اخلاقی اقدار کا پاس رکھو۔ انہوں نے کہا تم عوامی زندگی میں ہمیشہ چوکس رہو ‘‘۔ انہوں نے پروبیشنرز کوان کے تابناک مستقبل او رکامیاب کریئر کی دعا دی۔
مرکزی وزیر داخلہ آج بعد میں بھارت ۔ تبت سرحد پولیس کی مانا سرحد کی اگلی چوکی بی او پی کا دورہ کریں گے۔ اپنے چار روزہ دورے میں جناب راجناتھ سنگھ آئی ٹی بی پی کی لپتھل اور رمکھم سرحد کی بی او پی کا بھی دورہ کریں گے اور اولی میں آئی ٹی بی پی کے کوہ پیمائی اور اسکیئنگ ادارے میں روک کلائمنگ اور کمانڈو اسٹورمنگ کارروائیوں کا نظاہرہ بھی کریں گے۔ وہ جوشی مٹھ میں سوک ایکشن پروگرام اور خون کے عطیے کے کیمپ کا بھی افتتاح کریں گے۔ کل جناب راجناتھ سنگھ کو اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ جناب ترویندر سنگھ راوت نے استقبالیہ دیا تھا۔ وہ ریاست کے چار روزہ دورے پر کل دہرہ دون پہنچے تھے۔ بعد میں دونوں رہنماؤں نے مختلف معاملات پر بات چیت کی۔