نئی دہلی، خواتین اور بچوں کے نشو نما کی مرکزی وزیر محترمہ مینکا سنجے گاندھی نے آج یہاں 18-2017ء کے لئے 97 آنگن واڑی ورکروں کو ان کی غیر معمولی حصولیابیوں کے لئے قومی ایوارڈز سے سرفراز کیا۔یہ ایوارڈ آنگن واڑی ورکروں کو تحریک دینے کے لئے عطا کئے گئے ہیں اور انہیں آئی سی ڈی ایس اسکیم کے تحت بچوں کی نشو نما اور اس سے متعلق شعبوں میں ان کی مثالی خدمت کے صلے میں یہ ایوارڈ دئیے گئے ہیں۔ قومی ایوارڈ ہر سال عطا کئے جاتے ہیں اور یہ ایوارڈ نقد 50ہزار روپے اور ایک سرٹیفکیٹ یا توسیف نامے پر مشتمل ہے۔ریاستی سطح کے ایوارڈ نقد 10 ہزار روپے اور ایک توسیف نامے پر مشتمل ہے۔
اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مینکا سنجے گاندھی نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے عرصے میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپرس کی حالت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔بہتر ترقی کی سہولیات، صحت انشورنس ، بہتر کام کا ماحول اور دیگر سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اپیل کی کہ آنگن واڑی ورکروں کو بچوں کووقت پر کھانا مہیا کرانے کے فرض پر توجہ دینا چاہئے اور ان کی پرورش پر دھیان دینا چاہئے۔ آنگن واڑی مرکزوں میں نقلی مستفدین کی وجہ سے فنڈز کی بربادی ہوئی ہے، جسے بہتر خدمات کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے آنگن واڑی ورکروں سے اپیل کی انہیں بچوں کے نقلی اینرولمنٹ کے معاملوں میں وزارت کی آنکھ اور کان بننا چاہئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کے نشو نما کے وزیر مملکت ڈاکٹر ویریندر کمار نے آنگن واڑی ورکروں کو ان کے مثالی کام کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ پوشن ابھیان میں وزیر اعظم کے پروجیکٹ کو بہتر طورپر نافذ کرنے میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے ان کی کوششوں کے لئے ان کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ہندوستان کو ناقص تغذیہ سے پاک بنانے کے سلسلے میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔
اس سے پہلے ایوارڈ پانے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کے نشونما کی وزارت کی سیکریٹری جناب راکیش سریواستو نے کہا کہ حکومت ہندنے 2000 اور 2001 میں قومی اور ریاستی سطح پر آنگن واڑی ورکروں کو ایوارڈ دینے کے لئے ایک اسکیم کی تشکیل دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ایوارڈ پانے والوں کی تعداد اور انعامی رقم دوگنی کردی گئی ہے۔ اس سال سے قومی سطح کا نقد انعام میں 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان بھر سے اس سال 97 آنگن واڑی ورکروں کو ایوارڈ دیئے گئے ہیں۔
رہنما خطوط کے مطابق آنگن واڑی ورکروں کے لئے قومی سطح کے ایوارڈز ان ایوارڈ یافتگان کو دیئے گئے ہیں، جہیں ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کی طرف سے نامزد کیا گیا ہے۔