نئی دہلی، وزیراعظم جناب نریندر مودی کی سربراہی میں اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے اترپردیش کے الہ آباد میں واقع پھاپھاماؤ میں قومی شاہراہ نمبر96 پر دریا گنگا کے اوپر 6 لین والے نئے پل کی تعمیر کے پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔ 9.9 کلو میٹر لمبے پل کی تعمیر پر 1948.25 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس پروجیکٹ کی تعمیر کی مدت تین سال ہے اور توقع ہے کہ اسے دسمبر 2021 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ نئے پل کی تعمیر سے الہ آباد میں قومی شاہراہ نمبر 96 پر موجودہ پرانے دو لین والے پھاپھاماؤ برج پر ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
نیا پل کنبھ اور اردھ کنبھ کے علاوہ پریاگ میں سنگم میں سالانہ نہان کے دوران مقدس شہر الہ آباد میں لوگوں کی بڑی تعداد میں جمع ہونے کی راہ میں بھی مدد گار ثابت ہوگا۔ اس سے مذہبی سیاحت کو مدد ملے گی اور پریاگ کے مقد س شہر کی مقامی معیشت کو فروغ ملے گی۔
یہ نیا 6 لین والا پل نینی پل کے ذریعہ قومی شاہراہ 27 اور قومی شاہراہ نمبر 76 سے ہوتا ہوا مدھیہ پردیش سے آنے والا لکھنؤ فیض آباد کے لئے ٹریفک کے لئےبھی سود مند ہوگا۔ اس کے علاوہ نئے پل کا یہ پروجیکٹ تقریباً 9 لاکھ 20 ہزار مانڈیا ؤں کے لئے تعمیر کے دوران براہ راست روزگار پیدا کرے گا۔
پس منظر:
قابل ذکر ہے کہ مئی 2014 سے پہلے الہ آباد اور فرخا کے درمیان گنگا دریا پر صرف 13 پل تھے ۔ 2014 کے بعد بیس اضافی پلوں کا منصوبہ بنایا گیا تھا جن میں پانچ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے اور سات زیر تعمیر ہیں۔ اس طرح کل پلوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔ موجودہ پھاپھاماؤ پل الہ آباد اور فرخا کے درمیان گنگا دریا پر 29واں پل ہوگا۔