20.7 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

مرکز اور ریاستوں کو صحت انڈیکس کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹیم ا نڈیا جذبے سے کام کرنا چاہیے: نائب صدر جمہوریہ

Urdu News

نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ صحت دیکھ بھال صرف بیماری کی عدم موجودگی نہیں ہے ۔ انھوں نے صحت کے بارے میں ایک جامع نقطہ  نظر اپنانے پر زور دیا جس میں جسمانی، ذہنی اور روحانی تندرستی شامل ہے اور جوکسی بھی فرد کو اپنی پوری صلاحیتوں کے حصول کا اختیار  دیتا ہے۔

این ڈی ٹی وی  کے’بنے گا سواستھ انڈیا‘کے تازہ ترین ایڈیشن کے لیے ایک ویڈیو پیغام میں نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ صحت کے تئیں یہ جامع نقطہ  نظر ’سواستھ بھارت‘ کا مقصد ہے جو بالآخر ’سمپن بھارت‘ یا خوشحال بھارت کی جانب لے جائے گا۔

آزادی کے بعد سے صحت کے انڈیکس میں  نمایاں پیشرفت کا  ذکر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے مرکز اور ریاستوں پر زور دیا کہ وہ ٹیم انڈیا کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ صحت کے انڈیکس کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ صحت پر عوامی اخراجات میں اضافےکے علاوہ سرکاری- نجی ساجھے داری کے ذریعے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مختلف سطحوں پر مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان صحت کے بنیادی ڈھانچے میں فرق کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے  انھوں نے کہا کہ ’’دیہی علاقوں میں علاقائی نگہ داشت متعارف کراتے ہوئے  یہ ناگزیر ہے کہ ہم صحت کے بہتر نتائج کے لیے اپنے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنائیں‘‘۔ انھوں نے حکومت کی فلیگ شپ اسکیم ’آیوشمان بھارت‘ کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے لاکھوں غریب خاندانوں کو صحت کی یقین دہانی حاصل ہوئی ہے۔

ہندوستان میں بڑھتے ہوئے غیر ترسیلی امراض کے  پریشان کن رجحان پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے طرز زندگی کی بیماریوں کے بارےمیں لوگوں میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے  صحت کے ماہرین اور ثقافتی سرکردہ ہستیوں پر زور دیاکہ وہ اس سلسلے میں پیش قدمی کریں۔

کووڈ وبا کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے تمام فرنٹ لائن ورکر کی غیر معمولی لچک، جرأت اور قربانی کے جذبے کی تعریف  کی جس میں ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ، صفائی کارکن، پولیس اور میڈیا کے افراد شامل ہیں جنھوں نے وبائی مرض سے لڑنے اور لوگوں کی خدمت میں اپنی زندگیاں وقف کیں۔ انھوں نے کہا کہ وبائی مرض نے ہمیں یہ بھی یاد دلایا ہے کہ ہماری صحت ہمارے سیارے کی صحت سے پیچیدہ طور پر وابستہ ہوئی ہے اور انسان کو اپنے مفادات کے لیے قدرتی ماحولیاتی نظام میں مداخلت کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ  ’ایک صحت، ایک سیارہ، ایک مستقبل‘ آگے کا راستہ ہے۔

اس بات کو واضح کرتے ہوئے کہ ہماری 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر افراد کی ہے، انھوں نے نوجوانوں کو باقاعدگی جسمانی سرگرمی جیسے یوگا یا سائیکلنگ اور صحت مند کھانا کھاتے ہوئے صحتمند اور نظم وضبط کی طرز زندگی اپنانے کی تلقین کی۔ انھوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ڈیجیٹل آلات کی لت سے بچیں۔

صحت اور تندرستی کے اہم مسائل پر عوامی بیداری کو  اور بہتر بنانے کے لیے بروقت اور اہم اقدام کے لیے این ڈی ٹی وی کی تعریف کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے اس پروگرام کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More