نئی دہلی، حکومت ہند اسکولوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے تاکہ وہ طلبا کو سائنس اور ٹکنالوجی سے روبرو کراسکیں تاکہ وہ مستقبل کے ٹکنالوجی پلیٹ فارموں سے روشناس ہوسکیں۔ حکومت نے نیتی آیوگ میں اٹل انوویشن مشن (اے آئی ایم ) قائم کیا ہے ۔اٹل انوویشن مشن کے قیام کا مقصد سائنسی مزاج پیدا کرنا اور نئے ذہنوں میں تجسس اور اختراع کی اسپرٹ کو پروان چڑھانا ہے۔
اسکولوں میں اٹل انوویشن مشن ، ہندستان میں اٹل ٹنکرنگ لیبارٹریز (اے ٹی ایل) کا نیٹ ورک قائم کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اٹل ٹنکرنگ لیب اقدام کا مقصد نیوٹیرک انوویٹرز یعنی نئے اختراع کار کے طور پر ہندستان میں ایک ملین بچوں کو تیار کرنا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد نئے ذہنوں میں تجسس ، تخلیقیت اور تصور کو فروغ دینا اور ان کے اندر ہنر مندیوں کو فروغ دینا ہے جن میں ڈیزائن مائنڈ سیٹ ، کمپیوٹر کی طرز پر سوچنا ، ایڈپٹیو لرننگ یعنی حالات میں ڈھل کر سیکھنا، فزیکل کمپیٹنگ ، تیزی کے ساتھ جوڑ گھٹاؤ اور پیمائش کرنا شامل ہے۔
مجموعی طور پر 8878 اسکولوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور 4670 اسکولوں کو اٹل ٹنکرننگ لیب قائم کرنے کے لئے رقم دستیاب کرائی گئی ہے۔ مجموعی طور پر مالی سال 20-2019 تک کے لئے فی الحال ایک ہزا ر کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
یہ اطلاع فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال ‘نشنک’ نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں دی۔