وزارت اقلیتی امور نے آج بابائے قوم کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی حکومت کے فیصلے کے پیش نظر مہاتما گاندھی کی تعلیمات اور اصولوں پر مبنی ‘‘مشاعرہ ’’ منعقد کیا ۔
مشاعرے کا انعقاد ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر انٹر نیشنل سینٹر ، جن پتھ ، نئی دہلی میں کیا گیا جہاں اردو کے مشہور و معروف شعراء کرام جناب وسیم بریلوی، جناب حسیب سوز، جناب منظر بھوپالی ، جناب منصور عثمانی ، جناب مظفر علی، ڈاکٹر نسیم نکہت، جناب اقبال اشہر، جناب اعجاز پوپلر میرٹھی ، جناب سریندر سنگھ شجر اور ڈاکٹر نکہت امروہوی نے اپنے اشعار سے سامعین کا دل جیت لیا اور امن و انسانیت اور اتحاد کا پیغام دیا ۔
دانشوروں اور نوجوانوں کے علاوہ سیاسی و سماجی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شعراء کرام کی حوصلہ افزائی کی ۔
مشاعرہ کا افتتاح کرتے ہوئے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی نے کہا کہ یہ پروگرام ایک جانب مہاتما گاندھی کے اصولوں اور پیغام کو عام کرے گا تو دوسری جانب ایسے پروگرام معاشرہ میں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی مستحکم کرے گا۔
آنے والے دنوں میں ایسے ہی مشاعرے ممبئی ، لکھنؤ ، چنڈی گڑھ ، احمد آباد ، بنگلورو، رانچی اور دیگر شہروں میں منعقد کیے جائیں گے ۔ ان مشاعروں میں شرکت کے لیے مشہور و معروف اردو شعراء مثلاً گلزار صاحب ، جناب وسیم بریلوی، جناب حسیب سوز ، جناب منظر بھوپالی، ڈاکٹر نسیم نکہت، جناب اقبال اشہر ، جناب سریندر سنگھ شجر، جناب حسن کمال، شبینہ ادیب ، جناب راجیش ریڈی، جناب منصور عثمانی جناب اعجاز پوپلر میرٹھی، جناب احسان قریشی وغیرہ کو مدعو کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں دیگر مشہور و معروف اور علاقائی شعراء بھی شرکت کریں گے۔