نئی دہلی: شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر جناب سریش پربھو نے آج کہا کہ ہندوستان میں عالمی درجے کے مسافر اور مال ڈھلائی مراکز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ میک اِن انڈیا پروگرام کے تحت ہوائی جہاز اور شہری ہوابازی سے متعلق سازو سامان کی مینوفیکچرنگ (تیاری)اور شہری ہوابازی کے شعبے میں تحفظ و سلامتی ان کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی جہاز سے سفر کرنے والوں کو ایک خوش کن سفری احساس ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو صارفین کی ضرورتوں کے تحت جواب دہ ہونا چاہیئے۔وہ ایئرلائن انڈسٹری کے متعلقین کی ایک میٹنگ کی صدارت کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں مختلف ہوائی کمپنیوں کے چیف مینجنگ ڈائریکٹروں ہوائی اڈوں کے ڈائریکٹروں اور ایئرپورٹ آپریشنز کے کام میں شامل دیگر لوگوں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران مسافر خدمات، سیکورٹی، سرکاری-نجی شراکت داری، بنیادی ڈھانچہ ، ایئرکنکٹیوٹی وغیرہ جیسے متعدد امور پر تبادلہ خیال ہوا۔شہری ہوابازی کے سیکریٹری جناب راجیو نین چوبے اور وزارت کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
جناب سریش پربھو نے بتایا کہ اس طرح کی میٹنگیں وقفے وقفے سے برابر ہوتی رہیں گی، تاکہ شہری ہوابازی کے شعبےسے متعلق شناخت کو عالمی معیارات کے مطابق بنانے کے کام کو یقینی بنایاجاسکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری-نجی شراکت داری کا مطلب نہ صرف حکومت کے ساتھ بلکہ مجموعی طورپر عوام کے ساتھ نجی شراکت داری ہونا چاہئے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف شہروں میں ہوائی نقل و حمل کے امکانات کیا ہیں اور اس کا کتنا مطالبہ ہے اس بارے میں ایک جائزہ(سروے) لیے جانے کی ضرورت ہے، تاکہ اس کے مطابق سہولیات بہم پہنچائی جاسکے۔میٹنگ میں جن امور پر تبادلہ خیال ہوا، ان میں ہندوستان کو ایک ایئر کارگو ہب کی شکل میں تبدیل کرنا اور ای-نیشنل ایئر کارگو کمیونٹی سسٹم اور ای-فریٹ کارگو کی سمت میں کام کرنا شامل ہے۔