نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو 13 اپریل 2019 کو پنجاب کے امرتسر میں واقع جلیان والا باغ میموریل میں اس وحشت ناک واقعے کے 100 سال پورے ہونے کے موقع پر جلیان والا باغ قتل عام کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
خراج عقیدت پیش کرنے سے متعلق منعقد ہونے والی تقریب میں جناب نائیڈو ایک یادگاری سکہ اور یاد گاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کریں گے۔
یہ پروگرام قتل عام واقعے کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر منایا جارہا ہے۔ اس میں سینکڑوں بے قصور مردوں ، عورتوں اور بچوں کا بریگیڈیئر جنرل رجینالڈ ڈائر نے 13 اپریل 1919 کو پارک میں ایک پرامن میٹنگ کے دوران قتل کردیا تھا۔
’’جلیان والا باغ نیشنل میموریل ایکٹ -1951 ‘‘ نامی پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعے جلیان والا باغ کو ایک قومی یادگار کے طور پر اعلان کیا گیا تھا۔ اس یادگار کے نظم ونسق کی ذ مہ داری جلیان والا باغ نیشنل میموریل ٹرسٹ (جے بی ایل ایم ٹی ) کی ہے۔