20.7 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیانائیڈو ہندوستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے

Urdu News

نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیانائیڈو نئی دہلی میں واقع لال قلعہ میں 17فروری 2018 کو 8ویں گلوبل تھیئٹراولمپکس  کا افتتاح کریں گے۔ یہ گلوبل تھیئٹر فیسٹیول ہندوستان میں پہلی بار منعقد ہو رہاہے۔ آج نئی دہلی کے نیشنل اسکول آف  ڈرامہ میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ثقافت (آزادانہ چارج)، ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے وزیر مملکت ڈاکٹر مہیش شرما نے کہا کہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر کوئی تھیئٹر فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے۔  یہ 51 روزہ تقریب ہندوستان کے 17شہروں کاسفر کرے گی، جس میں 450 شو ، 600 ایمبئنس، پرفارمنس اور 250 پاورپیکڈ یوتھ فورم شوز منعقد ہوں گے۔ دنیا بھر کے 25 ہزار فنکار اس فیسٹیول میں حصہ لیں گے، جس کا اختتام ممبئی میں گیٹ وے آف انڈیا پر منعقدہ ایک شاندار تقریب میں ہوگا۔ ڈاکٹر مہیش شرما نے اتنے بڑے پروگرام کی میزبانی کا ہندوستان کو موقع دینے کے لئے بین الااقوامی سماج کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر مہیش شرما نے کہا کہ تھیئٹر کی زبردست اپیل ہے اور بہت ہی سہل انداز میں سماجی مسائل سمیت روزمرہ کی زندگی کے ہر واقعے کو تھیئٹر کے توسط سے اجاگر کرنا ممکن ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیشنل اسکول آف ڈرامہ سوسائٹی کے کارگزار چیئرمین ڈاکٹر ارجن دیو چرن نے کہا کہ ہم دنیا کے سب سے بڑے تھیئٹر فیسٹیول کا ہندوستان میں انعقاد ہونے پر انتہائی فخر کا احساس کر رہے ہیں۔اس  51 روزہ طویل ملک گیر  جشن کے دوران ہم تھیئٹر کی اپیل اور عالمی گاؤں کی تخلیق کے توسط سے ملکوں کی سرحدوں کوپاٹنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر نیشنل اسکو ل آف ڈرامہ کے ڈائریکٹر پروفیسر وامن کیندرے نے کہا کہ ہمیں اپنی تھیئٹر کی وراثت پر فخر ہونا چاہئے، جو کہ 2500سال پرانی ہے۔ یہ پروگرام  تھیئٹر سے متعلق فن کے توسط سے ثقافتی لین دین کاایک منفرد موقع دستیاب کرائے گا۔ اس بین الاقوامی تقریب کے توسط سے ہم دنیا  کے سامعین کے سامنے اپنے تھیئٹر کے طورطریقوں، اس کی اقسام، اس کے فلسفے اور اپنے متنوں کی مضبوطی،  بیانئیے اور پیشکش کے طریقوں کا  اظہار کرنا چاہتے ہیں۔ بدلے میں ہم یہاں آنے والے فنکاروں کے طور طریقوں، تصورات اور فلسفے کا باہیں کھول کرخیر مقدم کریں گے۔ اس کا مقصد  فن کے تعلق سے اپنی اجتماعی فہم اور  اظہار کو خوشحال بنانے کیلئے ہندوستانی اور دنیا بھر کے فنکاروں کے درمیان بات چیت کیلئے ایک پلیٹ فارم تخلیق کرنا ہے۔

اس عظیم الشان تھیٹریکل تقریب کی میزبانی حکومت ہند کی وزارت ثقافت کی زیر سرپرستی نیشنل اسکول آف ڈرامہ کر رہا ہے۔ 8ویں تھیئٹر اولمپکس کا موضوع ‘‘دوستی کا پرچم’’ ہے، جس کا مقصد سرحدوں کو پاٹنااور مختلف ثقافتوں، عقائداورتصورات کے لوگوں کو تھیٹریکل آرٹ کے توسط سے ایک ساتھ لانا ہے۔ 8ویں تھیئٹراولمپکس کا انعقاد 51.81 کروڑروپے کے بجٹ سے کیا جا رہا ہے اور پیشکش 30 ہندوستانی زبانوں، 15 غیر ملکی زبانوں اور نن وربل زبانوں میں ہوگی۔

30ملکوں یعنی آسٹریلیا، آذربائیجان ، بنگلہ دیش، بیلجیئم، برازیل، چین، چیک جمہوریہ، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، یونان ، اسرائیل، اٹلی، جاپان، لتھوانیا، موریشش، نیپال، پولینڈ،روس، سری لنکا، جنوبی کوریا، اسپین، ترکی، برطانیہ اور امریکہ کے شرکاء تھیئٹر میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔ جن غیر ملکی اشخاص کو مدعو کیا گیا ہے، ان میں تھیوڈورس ٹرزوپولس (یونان کی  انٹرنیشنل کمیٹی آف  تھیئٹر اولمپکس) کے چیئرمین ، تداشی سوزوکی (جاپان)، روبرٹ وِلسن(امریکہ) لیو لیبن (چین)، جروسلا فریٹ (پولینڈ) ساہیکا تیکانڈ (ترکی)یوجینیوباربا(ڈنمارک)، رومیو کاسٹیلوکی(اٹلی) ہینر گوئبلس (جرمنی)پپو ڈلبونو(اٹلی)جان فابرے (بیلجیئم)کے نام شامل ہیں۔ ہندوستانی تھیئٹر کے ماہرین میں رتن تھیام، علیق پدمسی، رودرپرساد سین گپتا، ایم کے رینا، راج بساریہ، بنسی کول، پروفیسرتری پراری شرما، مایاراؤ اور سمترا چٹرجی کے نام شامل ہیں۔

نمائش، سمپوزیا، انٹر فیس اور معروف اکیڈمیشئن، مصنفین، اداکاروں، ڈیزائنروں اور ڈائریکٹروں کے ساتھ ورکشاپوں جیسے متعدد متعلقہ سرگرمیوں  کا انعقاد 17 شہروں میں کیا جائے گا۔ متعلقہ پروگراموں میں 60 لیونگ لیجنڈس سیریز اور 50 ماسٹر کلاسیز شامل ہیں۔ 8ویں تھیئٹراولمپکس کے دوران دہلی اور ممبئی میں 2 بین الاقوامی سیمینار اور بھوپال، بنگلورو، چنڈی گڑھ، جے پور، کولکاتہ اور وارانسی میں 6 قومی سطح کے سیمینار بھی منعقد ہوں گے۔ شبانہ اعظمی، پریش راول، منوج جوشی، ہمانی شیوپوری، سیما بسواس اور سوربھ شکلا جیسے معروف تھیئٹر اور فلمی شخصیات بھی اس عظیم الشان تھیئٹر جشن میں حصہ لیں گی۔

فیسٹیول کے دوران اگرتلہ، احمد آباد، بنگلورو، بھوپال، بھونیشور، چنڈی گڑھ، چنئی، دہلی، گواہاٹی، امپھال،جے پور، جموں ، کولکاتہ، ممبئی ، پٹنہ، ترواننت پورم اور وارانسی میں ڈرامے منعقد کئے جائیں گے۔

تھیئٹر اولمپک کے بارے میں:

تھیئٹراولمپکس کا قیام یونان کے شہر ڈیلفی میں 1993 میں عمل میں آیا تھا۔ ایک بین الاقوامی تھیئٹر فیسٹیول ہونے کے ناتے ، تھیئٹراولمپکس دنیا بھر کے عظیم ترین تھیئٹر فنکاروں کو  پیش کرتا ہے۔ یہ تھیٹریکل ایکسچینج کا ایک پلیٹ فارم ہے، جہاں طلبہ اور ماہرین جمع ہوتے ہیں اور فکری ، ثقافتی اور لسانی اختلافات کے باوجود بات چیت کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ 1993 سے لے کر اب تک درج ذیل ملکوں میں 7 مرتبہ تھیئٹر اولمپکس کا انعقا د ہو چکا ہے۔جاپان (1999)، روس (2001)ترکی (2006)، جنوبی کوریا(2010)، چین (2014)، پولینڈ (2016)، ہندوستان میں منعقد ہونے جا رہے تازہ ترین تھیئٹراولمپکس کا موضوع ‘‘ دوستی کا پرچم ہے’’۔

نیشنل اسکول آف ڈرامہ ہندوستان میں تھیئٹر کا نقیب ہے اور ا س میں کچھ انتہائی محترم اداکاروں اور تھیئٹر کی قدآور شخصیتوں کو تربیت دی ہے۔ 1959 میں قائم اس ادارے کی 6 دہائیوں سے زیادہ کے عرصے پر محیط قابل فخر وراثت ہے۔ 8ویں تھیئٹر اولمپکس کی میزبانی سے اس ادارے کی تاریخ میں ایک اور زریں باب کا اضافہ ہوگا۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More