نئیدہلی۔ بھارت کے نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج تین ملکوں سربیا ، مالٹا اور رومانیہ کا ایک ہفتہ طویل دورہ شروع کیا ۔ ان کا یہ دورہ 14ستمبرسے 21 ستمبر کے درمیان رہے گا۔وہ اپنے دورےمیں سبھی تینوں ملکوں کے سربراہان سے بات چیت کریں گے اور ان کی موجودگی میں مفاہمت نامے پر دستخط کئے جائیں گے۔راجیہ سبھا کے چیئر مین کے طور پر وہ اپنے ہم منصبوں کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کریں گے اور ان کی متعلقہ پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔
امید ہے کہ نائب صدر جمہوریہ کے اس دورے سے ان تین ملکوں کے ساتھ بھارت کے دوطرفہ تعلقا ت اور زیادہ مستحکم ہوں گے ۔ اس دورے سے ملکوں کو معیشت ، ماحولیات ، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں ایک دوسرے کی مہارت اور معلومات کے لین دین میں مدد ملے گی۔
نائب صدر جمہوریہ آج نئی دلی سے روانہ ہوگئے ۔وہ سربیا کے بیلغراد پہنچیں گے ۔وہ آج شام کو وہاں مقیم بھارتی برادری سے خطاب کریں گے۔
نائب صدر جمہوریہ سنیچر کوسرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے جس کا ا ہتمام سربیا نے کیا ہے اور جمہوریہ سربیا کے صدر جناب الیگزینڈر ووسچ کے ساتھ ذاتی ملاقات کے لئے سربیا پیلس جائیں گے ۔ دونوں رہنما مفاہمتی قراردادوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے اور نکولا ٹیسلا اور سوامی وویکانند پر ایک یادگاری ٹکٹ جاری کریں گے ۔ اس کے بعد ایک مشترکہ پریس بیان جاری کیا جائے گا۔
نائب صدر جمہوریہ بھارت –سربیا بزنس فورم کی میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے اور بعد میں ایک ضیافت میں شرکت کریں گے جس کا اہتمام جناب الیگزینڈر ووسچ کی طرف سے کیا جائے گا۔ نائب صدر جمہوریہ ، جمہوریہ سربیا کی قومی اسمبلی کے اسپیکر محترمہ ماجا گجکووچ کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کریں گے ۔ بعد میں وہ جمہوریہ سربیا کی قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے اور اس کے بعد بلغراد واٹر فرنٹ پروجیکٹ پر پریذیٹیشن دیکھیں گے ۔
اتوار 16 ستمبر 2018 کو نائب صدرجمہوریہ مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کریں گے ، جس کے بعد نامعلوم فوجیوں کے مقبرے پر گلدائرہ نذر کرنے کے لئے ماؤنٹ اوالا جائیں گے ۔اس کے بعد جمہوریہ سربیا کے وزیر اعظم جناب انا برانبک ایک ظہرانے کا اہتمام کریں گے ۔اس کے بعد وہ مالٹا کے لئے روانہ ہوجائیں گے ۔ بھارت کے نائب صدر جمہوریہ بھارتی برادری کی طرف سے دئے گئے استقبالیہ میں شرکت کریں گے ،جس کا اہتمام مالٹا میں بھارت کے ہائی کمشنر ، مالٹا میں ان کے پہنچنے کی شام ، اہتمام کریں گے ۔
17 ستمبر کو نائب صدر جمہوریہ مالٹا کی صدر محترمہ میری لوئز کولیرو پریکا کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کریں گے اور باہمی تعاون سے متعلق مفاہمتوں پر دستخط کی ایک تقریب میں شرکت کریں گے جس کے بعد ایک ظہرانے میں شرکت کریں گے جس کا اہتمام مالٹا کی صدر نے کیا ہے ۔
بھارت کے نائب صدر جو راجیہ سبھا کے چیئر مین بھی ہیں ، مالٹا کے ایوان نمائندگا ن کے اسپیکر ڈاکٹر انگلو فروگیا کے ساتھ ایک ملاقات کریں گے اور وفد کی سطح کی بات کریں گے ۔ وہ مالٹا کے کارگزار وزیر اعظم جناب ایواریسٹ بارتولو کے ساتھ وفد کی سطح کی بات کریں گے اوراس کے بعد شام کو بھارت – مالٹا تجارتی فورم میں شرکت کریں گے جہاں مالٹا کے صدر بھی موجود ہوں گے ۔
منگل 18 ستمبر 2018 کو نائب صدر جمہوریہ شہر میں دو اہم مقامات ویلٹا میں سینٹ جون کے کوکتھیڈرل اور اپر برکا گارڈنز کا دورہ کریں گے اور اس کے بعد وہ رومانیہ کے لئے روانہ ہوجائیں گے ۔
رومانیہ میں نائب صدر جمہوریہ سینٹ آف رومانیہ کے صدر جناب کالن پوپسکو – ٹیریسینو کے ساتھ وفد سطح کی بات چیت کریں گے اور مفاہمتی قرار دادو ں پر دستخط کی ایک تقریب میں شرکت کریں گے ۔ وہ رومانیہ کے صدر جناب کلاز ورنر لوہانس کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کریں گے اور اس کے بعد وہ سینٹ کے ارکان سے خطاب کرنے کے لئے پارلیمنٹ کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
نائب صدر جمہوریہ رومانیہ کے وزیر اعظم جناب ویوریکا دانسلا کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے اور نائبین کے ایوان کے صدر جناب نکولے لیوی دراگنیا کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے ۔ وہ بھارت –رومانیہ بزنس فورم کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کریں گے ۔اپنے دورے کے آخری دن نائب صدر جمہوریہ رومانیہ میں ایک استقبالیہ کے دوران بھارتی برادری سے خطاب کریں گے ، جس کا اہتمام رومانیہ میں بھارت کے سفیر نے کیا ہے ۔
نائب صدر جمہوریہ کے ساتھ خزانے کے مرکزی وزیر مملکت جناب شیو پرتاپ شکلا اور ارکان پارلیمنٹ جناب پر سنّا آچاریہ (ایم پی راجیہ سبھا ) جناب راگھو لکھن پال ( ممبر پارلیمنٹ لوک سبھا ) محترمہ سروج پانڈے (ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا ) اورمحترمہ وجیلا ستیہ ننت (ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھی ) بھی ہو ں گی ۔