نئی دہلی۔ نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے مکر سنکرانتی اور پونگل تہواروں کے موقع پر لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔ ایک تہنیتی پیغام میں نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ تہوار ملک بھر میں مختلف ناموں سے منایا جاتا ہے اور یہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا تہوار ہے۔
نائب صدر جمہوریہ کا پیغام مندرجہ ذیل ہے:
‘‘میں مکر سنکرانتی اور پونگل تہواروں کے مبارک موقع پر اپنے ملک کے تمام شہریوں کو دلی مبارک باد اور ڈھیر ساری نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
سورج دیوتا کے منائے جانے والے تہوار مکر سنکرانتی ‘اتراین ‘ یا سورج کے شمال کی جانب سفر کے آغاز کی علامت ہے۔ ملک بھر میں مختلف ناموں کے ساتھ منایا جانے والے مکر سنکرانتی اور پونگل کے تہوار اس خوشی کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے جو اچھی فصل کے بعد لوگوں کی زندگی میں آتی ہے۔ یہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا تہوار ہے۔ مکر سنکرانتی کا تہوار دعاؤں کے ذریعے ہماری زندگی کو دوبارہ مضبوط کرنے اور دریاؤں اور تمام حیوانات کے تئیں احترام کے اظہار کا بھی ایک موقع ہے۔
اس دن لاکھوں عقیدتمند مقدس دریاؤں میں غوطہ لگاتے ہیں۔
ہماری تمنا ہے کہ یہ تہوار ملک میں خوشحالی، امن اور خوشی کا باعث بنے۔’’