نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں آیوش کی وزارت کے ذریعہ منعقدہ ‘‘ ہومیو پیتھی کے عالمی دن کے موقع پر سائنٹفک کنونشن کا افتتاح کیا ۔ آیوش کے وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) جناب شری پد یسو نائک نے افتتاحی تقریب کی صدارت کی ۔ لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر منوج راجوریا اور آیوش کی وزارت کے سکریٹری جناب ویدیا راجیش کوٹیچا اس موقع پر مہمانان اعزازی تھے ۔
اس کنونشن میں 1500 سے زائد مندوبین نے شرکت کی ۔ ان مندوبین میں یومیوپیتھی کے محققین ، متعلقہ سائنسز کے سائنس داں ، ہومیو پیتھی کے معالجین ، طلباء اور صنعت کاروں کے علاوہ ، متعدد ہومیو پیتھی تنظیموں کے نمائندگان شامل ہیں ۔
اس موقع پر مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے ہومیو پیتھی کے پیشہ ور افراد اور سائنس دانوں سے زور دے کر کہا کہ وہ میڈیکل سائنس کے شعبے میں مزید ریسرچ کریں کیونکہ ہومیو پیتھی وسیع پیمانے پر دنیا بھر میں علاج کے نظام کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور ہندوستان میں بھی یہ مقبول طریقہ علاج میں سے ایک ہے ۔ انہوں نے اس پیشے میں کام کرنے والے سائنس دانوں سے زور دے کر کہا کہ وہ ہومیو پیتھی میں اختراعی اور نئی روشنی فراہم کرنے والا ریسرچ کریں ۔ انہوں نے سینٹرل کونسل آف ریسرچ اِن ہومیو پیتھی ( سی سی آر ایچ ) کے سائنس دانوں ، جو کہ ہومیو پیتھی دواؤں کی صلاحیت و افادیت کے نئے راستے تلاش کرنے کے لئے آئی آئی ٹی بمبئی کے ساتھ اشتراک و تعاون میں کام کر رہے ہیں ، سے کہا کہ وہ دواؤں کی اصلی اجزاء کے صحیح وسائل اور معیار کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے محققین سے کہا کہ وہ اس کام کو مزید آگے لے جائیں تاکہ ہومیو پیتھی کے تئیں لوگوں میں زیادہ اعتماد اور یقین پیدا کیا جا سکے ۔ اس طرح اس کو ایک نئی اونچائی تک لے جانا ہے ۔ نائب صدر جمہوریہ ہند نے صحت مند قوم پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند قوم ایک مالدار قوم سے زیادہ قیمتی ہے ۔
اس موقع پر آیوش کے وزیر مملکت جناب پد یسو نائک نے یومیو پیتھی کے عالمی دن کے موقع پر تمام مندوبین کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں ۔ اس موقع پر انہوں نے ہومیو پیتھی کے بانی ڈاکٹر ہانیمان کی عظیم شخصیت کو یاد کیا اور کس طرح اُن کی سائنٹفک سوچ اور طریقۂ کار نے ایک طریقۂ علاج کو دریافت کرنے میں تعاون کیا ۔ انہوں نے سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یومیو پیتھی کو ہومیو پیتھی کے میدان میں پچھلے 40 برسوں سے تحقیقی کام کرنے کے لئے مبارکباد دی ۔