نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج بچوں سے زور دیکر کہا کہ وہ ذات پات، دھرم اور مذہب کی تفریق کے اوپر اٹھیں اور ‘وسودھیوا کٹم بکم’ کے بھارت کے فلسفے کے مطابق ساجھا کرنے اور خیال رکھنے کی خوبیوں کو اپنائیں۔ انہوں نے بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ انسانوں کے ساتھ عزت و احترام اور ہمدردی کے ساتھ پیش آئیں۔
نائب صدر جمہوریہ ہند نے ان خیالات کا اظہار آج اُپ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ بچوں کے دن کی تقریبات میں حصہ لینے کے لئے آئے ہوئے قومی خطہ راجدھانی دہلی، ہریانہ، اترپردیش اور دیگر ہمسایہ ریاستوں کے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کے بچوں کےساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔
بچوں کے تئیں پنڈت نہرو کے پیار اور لگاؤ سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ نہرو جی کی ہمیشہ خواہش رہی کہ بچے ہمیشہ خوش رہیں اور ان کا بچپن فرحت و انبساط سے ہمکنار رہے۔
بچوں کو ہمارے عظیم مجاہدین آزاد ی کی زندگیوں سے حوصلہ اور تحریک لینے کی نصیحت کرتے ہوئے نائب صدر نے بچوں سے زور دیکر کہا کہ وہ ملک کے مفادات کو سب سے اوپر رکھ کر حقیقی معنوں میں قوم پرست بن جائیں۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ ہمارےتعلیمی نظام کو مثالی اور ذمہ دار شہری پیدا کرنا چاہیے جو کہ قومی نظریئے کے ساتھ سماجی طو رپر پوری طرح ہم آہنگ ہوں۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ ملک کے مستقبل ہیں۔لہذا وہ ہندوستانی قدروں کو اپنے اندر جذب کرلیں اور ہندوستان کی عظیم تہذیب و ثقافت اور روایات کا احترام کریں۔
نائب صدر جمہوریہ نے پرائمری اور اپر پرائمری سطح پر بالخصوص کھیل کود کو تعلیم کا لازمی جز بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود سے نہ کہ صرف اچھی صحت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے بلکہ ٹیم کے جذبے اور اسپورٹس مین شپ کو بھی پروان چڑھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے بچوں کو یوگا سکھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے رضاکارانہ سرگریوں مثلاً این ایس ایس، این سی سی، اسکاٹ اینڈ گائڈ میں حصہ لینے کے لئے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
فطرت کی گود میں کچھ وقت گزارنے کی بچوں کو تلقین کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ وہ فطرت اور ماحول کے تحفظ کے لئے سرگرم شراکت دار بن جائیں۔ انہوں نے بچوں سے سووچھ بھارت، فٹ انڈیا اور پلاسٹک کے واحد استعمال کو ختم کرنے جیسے قومی مشنوں میں سرگرم طور پر شریک ہونے کے لئے کہا۔
انہوں نے کہا کہ ‘‘بہتر مستقبل کے لئے فطرت اور ثقافت ایک ساتھ ’’۔ انہوں نے بچوں سے مزید کہا کہ وہ ماں ، مادری زبان، مادر وطن اور جائے پیدائش اور گرو (استاد) کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد کریں۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانا، قومی ترقی کے لئے ایک لازمی شرط ہے۔ خواتین کی تعلیم کو ایک ترجیحی مشن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب معاملہ ملک کی خواتین کو ترقی کے لئے مساوی مواقع فراہم کرنے کی بات ہو تو اس معاملے میں کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی میں تعاون کرنے کے لئے خواتین کو مساوی پلیٹ فارم حاصل ہونے چاہئیں۔
اس سے قبل دن میں نائب صدر جمہوریہ نے ‘‘پر دادا، پردادی ایجوکیشنل سوسائٹی (پی پی ای ایس)’’ کے طلبا اور عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ جناب نائیڈو نے اترپردیش کے ضلع بلند شہر میں خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانے کے شعبے میں ان کی گراں قدر خدمات کےلئے پی پی ای ایس کی کافی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات واقعی نہایت قابل تعریف ہے کہ یہ سوسائٹی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی نوجوان لڑکیوں کو نہ صرف تعلیم کی سہولت فراہم کر رہی ہے بلکہ انہیں زندگی سے متعلق ضروری ہنر اور مالی امداد بھی دے رہی ہے۔ اس طرح سے یہ سوسائٹی ان باصلاحیت نوجوان لڑکیوں کے لئے ایک بہترین مستقبل کو یقینی بنارہی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے خصوصی طور پر پی پی ای ایس کے بانی جناب وریندر (سیم) سنگھ جو کہ ڈوپونٹ، جنوبی ایشیاکے سی ای او کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے ہیں، کی انسانیت کی بے مثال خدمت کے لئے کافی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں ‘‘پردادا، پردادی ایجوکیشنل سوسائٹی’’ مزید نوجوان لڑکیوں کو اپنے دائرہ کار کے تحت لانے کے لئے نیز ان کی ہمہ جہت ترقی کے لئے رہنمائی کرنے اور ملک کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لئے اپنے بازو کو مزید پھیلائے گی۔
اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ ہند نے اپنی اہلیہ محترمہ ایم اوشا اور اپنے احفاد کے ہمراہ پنڈت جواہر لال نہرو کو گلہائے عقیدت پیش کئے۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ ہندوستان نہایت تیز رفتاری کے ساتھ جامع اور پائیدار ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔بچوں کو ان کے بہترین مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پاس دستیاب لامحدود مواقع کا بہتر طریقے سے استعمال کریں۔