نئی دہلی ؍ستمبر۔نائب صدر جمہوریہ ، جناب ایم وینکیانائیڈو نے دسہرے کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دسہرے کا تیوہار ہمیں نیکی کی بدی پر فتح کی یاد دلاتا ہے اور بھگوان رام کی باوقار اور خصوصیات سے بھرپور زندگی میں ہمارےعقیدے کو پختہ کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تہوار کی تقریبات عوام کے مابین دوستانہ مراسم اور ایک دوسرے سے میل جول میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔
نائب صدر جمہوریہ کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
’’میں دسہرے کے مبارک موقع پر اپنے ملک کے عوام کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
دسہرے کا تیوہار روایتی جوش وخروش کے ساتھ منایا جاتا ہے جو ہمیں نیکی کی بدی پر فتح کی یاد دلاتا ہے اور بھگوان رام کی باوقار اور اچھائیوں سے بھرپور زندگی میں ہمارے عقیدے کو اور پختہ کرتا ہے۔ دسہرے کی تقریبات نہ صرف ہمیشہ ہمیشہ کیلئے یہ پیغام دیتی ہیں کہ نیکی کی بدی پر ہمیشہ فتح ہوتی ہے بلکہ یہ عوام کے مابین جذبہ یگانگت اور پیار محبت کو فروغ دیتی ہے۔
یہ تیوہار ملک میں امن ، ہم آہنگی اور خوشحالی لیکر آئے۔‘‘