17.2 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

نائب صدر نے لوگوں سے کووڈ سے متعلق مناسب طرز عمل اپنانے کی اپیل کی

Urdu News

نائب صدر، جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کووڈ سے متعلق مناسب طرز عمل، جس کی وجہ سے پچھلی بار وبائی مرض کو کنٹرول کرنے میں مدد ملی تھی، کی حوصلہ افزائی کرنے اور اسے نافذ کرنے کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نئی توانائی کے ساتھ آزمودہ اور قابل اعتبار حکمت عملی، ’ٹیسٹ، ٹریک اور ٹریٹ‘ کو بھی نافذ کرنے کے لیے کہا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ہمراہ، تمام ریاستوں کے گورنروں سے ورچوئل طریقے سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر نے کہا کہ کمیونٹی کے تعاون سے وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے اور زور دیکر کہا کہ اس ضروری گوشہ پر عوام کے ذریعہ مسلسل دھیان دینے کی ضرورت ہے۔

ملک میں کووڈ-19 معاملوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے آگاہ کیا کہ حفظان صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچوں پر بہت زیادہ دباؤ پڑنے والا ہے۔ انہوں نے اُن 10 ریاستوں پر خصوصی توجہ دینے کے لیے کہا جہاں گزشتہ 14 دنوں کے اندر ملک گیر سطح پر مجموعی معاملوں میں سے 85 فیصد معاملے اور 89 فیصد اموات درج کی گئی ہیں۔

اس چیلنج کو ناقابل تسخیر قرار دیتے ہوئے، نائب صدر نے کہا کہ ہم پچھلے سال کے مقابلے اس سال زیادہ بہتر طریقے سے تیار ہیں کیوں کہ ملک نے گزشتہ ایک سال کے دوران بنیادی ڈھانچے کو کافی بہتر کیا ہے۔ ’’اب ہمارے پاس ٹیکے ہیں جو محفوظ اور مؤثر ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہر گورنر کو، ریاست کا آئینی سربراہ ہونے کے ناطے، اس وبائی مرض کے خلاف لڑائی میں ایک اہم رول ادا کرنا ہے، جناب نائیڈو نے ان سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ وزرائے اعلیٰ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اتفاق رائے بنانے والے کے طور پر کام کریں۔ انہوں نے گورنروں سے کہا، ’’آپ نہ صرف اپنے تجربات اور مہارت شیئر کر سکتے ہیں، بلکہ مزید مؤثر حکمت عملی تیار کرنے میں ریاستی حکومتوں کی رہنمائی بھی کر سکتے ہیں۔‘‘

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گورنر تبدیلی کے امکانی ایجنٹ کے طور پر کام کر سکتے ہیں اور وبائی مرض کے خلاف لڑائی میں مزید شراکت داروں کو تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار کرنے کی وزرائے اعلیٰ کی کوششوں میں مدد کر سکتے ہیں، جناب نائیڈو نے گورنروں سے کہا کہ وہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں اور اسے عوامی تحریک یا ’جن آندولن‘ بنائیں۔ ’’تعلیمی ادارے، سول سوسائٹی کی تنظیمیں، مخیر حضرات اور کارپوریٹ گھرانے گزشتہ ایک سال کے دوران سرگرم شراکت دار بن چکے ہیں،‘‘ انہوں نے کہا اور دوسری لہر کے دوران بھی انہیں جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کووڈ سے متعلق مناسب طرز عمل کو وسیع پیمانے پر اپنانے کی ضرورت ہے، نائب صدر نے تمام شہریوں سے اس پیغام کو پھیلانے کی اپیل کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گورنر عوام تک رسائی کو بڑے پیمانے پر پھیلا سکتے ہیں اور عوامی سلوک کو متاثر کر سکتے ہیں۔

یہ بتاتے ہوئے کہ بہت ساری رکاوٹوں کے باوجود، بھارت نے عمدہ حکمت عملی کے ذریعہ گزشتہ ایک سال کے دوران اس وبائی مرض کو کامیابی سے قابو کیا ہے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ہمیں اسی چستی اور رفتار کے ساتھ اس لڑائی کو جاری رکھنا ہے جیسا کہ ہم نے پچھلے سال کیا تھا۔ ’’گزشتہ سال کے دوران ہم نے جو سب سے مفید سبق سیکھا ہے، وہ یہ ہے کہ ہم باہمی تعاون کے کام کی وجہ سے کووڈ-19 کے خلاف لڑائی میں کامیاب ہوئے،‘‘ انہوں نے کہا۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں سے قریبی رابطہ قائم کرنے کے بعد کووڈ-19 حکمت عملی تیار کی ہے اور تمام لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات کو دور رکھتے ہوئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں۔

کل جماعتی میٹنگ بلانے کے وزیر اعظم کے مشورہ کی حمایت کرتے ہوئے، نائب صدر نے کہا کہ اس سے نئے خیالات کے لیے ذہن سازی، علم کے اشتراک اور بہترین طور طریقوں کے تبادلے اور فیلڈ کے خدشات اور مختلف تناظر کی مؤثر تفہیم میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کووڈ-19 کے انتظام کی مجموعی کاوشوں کو تیز کرنے میں مدد کرے گا۔

اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ وبائی مرض نے عوام کی زندگیوں اور معاش پر گہرا اثر ڈالا ہے، نائب صدر نے وبائی مرض کے خلاف بھارت کی لڑائی کی قیادت کرنے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور ان کے وزراء کی کونسل کی تعریف کی۔ انہوں نے صف اول کے تمام طبی پیشہ وروں، فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے رہنماؤں، کسان برادری اور ان تمام دیگر متعلقین کی بھی تعریف کی جو کووڈ-19 کے خلاف اس لڑائی میں اپنا بیش قیمتی تعاون دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان بھی صف اول کے سپاہی ہیں، انہوں نے اس مشکل گھڑی میں ملک کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔

میڈیا کے رول کی تعریف کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے اس سے اپیل کی کہ وہ کووڈ سے متعلق مناسب طرز عمل، خاص کر صحیح طریقے سے ماسک پہننے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پھیلائیں۔

نائب صدر نے نوجوانوں سے اپنی قوت مدافعت کو بڑھانے اور تندرست رہنے کے لیے مقوی غذا کھانے اور صحت مند طرز زندگی اپنانے کے لیے کہا۔

اس ویڈیو کانفرنس میں وزیر اعظم، جناب نریندر مودی اور دیگر تمام گورنروں نے شرکت کی۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More