نئی دہلی: ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج معاشرے میں ہر قسم کے صنفی امتیاز کو ختم کرنے کو کہا اور ہر شعبے میں خواتین کے لئے مساوی حقوق کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
آج نئی دہلی میں برہما کماریز کی سابق سربراہ راج یوگنی دادی جانکی کی یاد میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراء کرتے ہوئے نائب صدر نے برہما کماریز کی ایک خواتین پر مشتمل تنظیم کی حیثیت کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ یہ عالمگیر تحریک خواتین کے بااختیار اور آزاد ہونے کی مثال ہے اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ روحانی فیضان صنفی امتیاز سے بالا تر ہے۔
ویدک دور کی دو معروف خواتین اسکالروں گارگی اور میتری کا حوالہ دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان میں ہرشعبے میں خواتین قائدین کی مالا مال تاریخ موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ قدیم ہندوستان میں شکتی کے روپ میں عورت کی روحانی حیثیت کو پوجا گیا اور انھوں نے معاشرے میں خواتین کے خلاف صنفی امتیاز کو ختم کرنے کو کہا جو ہماری اقدار کی تنزلی ہے۔
برہما کماریز کے شانتی ون کیمپس میں 2019 میں دادی جانکی سے اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے نائب صدر نے انھیں عصری دور کے اعلیٰ ترین روحانی رہنماؤں میں سے ایک قرار دیا۔ دادی کی متین اور مدبر شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے آخری دم اپنے اعمال کو اپنے اقوال کا مظہر بنائے رکھا۔ دنیا بھر میں پھیلی برہما کماریز دادی کی زندگی کے زریں اصولوں کی جیتی جاگتی مثالیں ہیں۔
ایشور کے لئے اور انسانیت کی بے لوث خدمت کے لئے وقف دادی کی زندگی سے ترغیب حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ دنیا کو ایسی اور شفا بخش آوازوں کی ضرورت ہے۔ ’’ان کی تعلیمات راج یوگ پر مرکوز ہیں اور ان کی رحمدلی، سیوا اور سادگی یقینا قابل تقلید ہیں‘‘۔ نائب صدر نے معاشرے میں پھیلی خرابیوں مثلا صنفی امتیاز ، ذات پات اور فرقہ پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے کو کہا تاکہ ایک ایسا بہتر ہندوستان تشکیل دیا جاسکے جہاں ہر شخص کو مساوی مواقع حاصل ہوں اور جہاں ہر شخص ایک دوسرے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ رہہ رہا ہو۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ساجھیداری اور نگہداشت کی ہندوستان تہذیبی اقداراور وسودھیو کٹمبکم کی اقدار پائیدار عالمی امن کا راستہ ہیں۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ روحانیت تمام مذاہب کی بنیاد ہے جناب نائیڈو نے کہا کہ صرف روحانیت ہی دنیا میں سچا امن اتحاد اور ہم آہنگی لاسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کے انفرادی طرز زندگی نے لوگوں کے سماجی یا قدرتی ماحول کے ساتھ کشمکش کے امکانات کو بڑھا دیا ہے۔ نائب صدر نے کہا کہ روحانیت انسان کو اس کے سماجی اور قدرتی ماحول سے ہم آہنگ کرتی ہے۔ جب اس طرح کی ہم آہنگی ہوگی تو ہر کوئی معاشرے اور دنیا کے لئے مثبت انداز میں خدمت انجام دے سکے گا۔
جناب نائیڈو نے اطمنان کا اظہار کیا کہ برہما کماریز جیسی تنظیمیں آسان اور سیدھے سارے انداز میں لوگوں کے شک وشبہات کا ازالہ کرکے ان کی زندگی میں سکون اور ہم آہنگی لارہی ہیں۔
دوسروں کی خدمت میں زندگی کا لطف حاصل کرنے کی دادی کی فلاسفی کواپنانے کے لئے لوگوں پر زور دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے ہر شخص سے اپیل کی وہ کووڈ عالمی وباء کے دوران ضرورت مندوں کی مدد کریں۔
انھوں نے کہا کہ ایک غیر معمولی روحانی رہنما کی پہلی برسی کے موقع پر ڈاک ٹکٹ کا اجراء حکومت کی جانب سے ان کو بھر پور خراج عقیدت ہے۔
اس پروگرام میں مرکزی وزیر جناب روی شنکر پرساد، سابق سی بی آئی ڈائرکٹر جناب ڈی آر کارتی کین، برہما کماری سسٹر آشا، برہما کماری سسٹر شوانی اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔ دنیا بھر سے برہما کماریز کے ارکان نے ورچوئل طریقے سے اس پروگرام میں شرکت کی۔