15.6 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

نائب صد ر جمہوریہ نے غریبی کے خاتمے پر زیادہ توجہ دینے پر زور دیا

Urdu News

نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب  ایم وینکیا نائیڈو نے  غریبی کے خاتمے پرزیادہ توجہ دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے حکومتوں کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مقبولیت  کے اقدامات  کو ترک کریں اور  غریبی کے خاتمے کے لئے ایک جامع طریقہ کار  اپنائیں۔

نائب صدر  جمہوریہ  آج نیلور کے  اکشر ودیالیہ کے طلبا کے ساتھ گفتگو کررہے تھے۔ ایک طالب علم نے ان سے پوچھا کہ بھارت  میں آزادی کے 70 سال بعد بھی  غریبی کیوں  موجود ہے۔

بھارت میں  غریبی کی وجوہات  کی تفصیل بتاتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ  غریبی کے خاتمے کے پروگراموں پر کافی توجہ  نہیں دی گئی ہے۔ عوامی مقبولیت کی اسکیموں کی  مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی  شخص کو  مفت مچھلی دینے کے بجائے اسے یہ سکھایا جانا چاہئے کہ مچھلی کیسے پکڑی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں عوام کا ایک طبقہ اب بھی ناخواندہ ہے اور اس کا براہ راست اثر سماجی ، اقتصادی بہبود پر پڑتا ہے۔ اس لئے  لوگوں کو با اختیار بنا کر غریبی  کے خاتمے کے لئے  تعلیم کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے  اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ تاریخی طور پر شہری بھارت کو دیہی  بھارت کے مقابلے زیادہ سہولیات حاصل ہیں اور اس سے دیہی آبادی کے ایک بڑے حصے  پر اقتصادی طور پر اثر پڑتا ہے۔

جناب نائیڈو نے  بھارتی سماج میں بڑی سطح پر نا برابری کے لئے  آبادی میں اضافے اور  صنفی امتیاز کو مورد الزام  ٹھہرایا اور انہوں نے کہا کہ  اگر کسی کے کم بچے ہوں گے  تو وہ ان کی زیادہ اچھی دیکھ بھال کرسکے گا۔

خواتین کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  جب آپ  ایک مرد کو تعلیم دیتے ہیں تو آپ صرف ایک شخص کو  تعلیم دیتے ہیں، لیکن جب آپ ایک عورت کو تعلیم دیتے ہیں تو  آپ پورے کنبے کو تعلیم دیتے ہیں۔ انہوں نے  بچیوں کی مجموعی  فلاح وبہبود کی خاطر بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ  جیسے پروگرام شروع کرنے کے لئے   حکومت کی ستائش کی۔

غریبی کے خاتمے کے لئے درست طریقہ کار  کی سفارش کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ  بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے اور  مناسب ماحول تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، جس میں بجلی  اور پانی کی 24 گھنٹے سپلائی ، کسانوں کو اپنی اشیاء فروخت کرنے کے لئے اچھی  سہولیات  ، اختراعات اور صنعت کاری کا فروغ اور دیگر  چیزیں شامل ہیں۔

 جناب نائیڈو نے  زندگی میں جسمانی طور پر فٹ رہنے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ  جسمانی فٹنس آپ کو ذہنی  چستی بھی  عطا کرتی ہے۔ انہوں نے بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ  کھیلوں ،  یوگا اور  دیگر  بیرونی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔

غیر متعددی بیماریوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کا بیٹھے رہنے کا  موجودہ طرز زندگی  اور  غیر صحت مند غذا  ایسی  بیماریوں میں زیادہ  تعاون کرتی ہیں۔ انہوں نے بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ  بھارت کے روایتی   کھانے  زیادہ کھائیں  کیونکہ یہ کھانے  ہمارے جسم اور  آب وہوا  کے لئے زیادہ  مناسب ہیں۔

جناب وینکیا نائیڈو نے  مادری زبان کے تحفظ   اور  فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  طلباء سے کہا کہ وہ  گھروں میں  اپنی مادری زبان میں باتیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جتنی بھی زبانیں سیکھ سکتے ہیں، سیکھیں لیکن  آپ اپنی  مادری زبان ضرور یاد رکھیں۔

ایچ آر ڈی کے مرکزی  وزیر جناب رمیش پوکھریال نشنک نے بھی بچوں سے گفتگو کی اور دیہی  طلباء کو  معیاری تعلیم  فراہم کرنے کے لئے  اکشر ودیالیہ کی ستائش کی اور  ادارے کے ذریعے کئے گئے کاموں پر خوشی کا اظہار کیا۔

بعد میں نائب صدر جمہوریہ اور  ایچ آر ڈی کے مرکزی وزیر  نے  اکشر ودیالیہ اور اسکل  ڈیولپمنٹ سینٹر  میں مختلف سہولیات کا مشاہدہ کیا۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More