نئی دہلی، آئی این ایس وی تارینی کے 6 خاتون افسران پر مبنی کریو نے حال ہی میں دنیا کا بحری سفر کیا ، آج راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔
راشٹرپتی بھون میں خاتون افسروں کا استقبال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان افسران نے جو بحری سفر کیا ہے وہ پورا چیلنجوں سے بھرا ہوا تھا ۔ انہوں نے پوری دنیا کے سفر کے دوران ناخوشگوار موسمی حالات ،پُرشور سمندر ی حالات میں 194دنوں تک 20 ہزار ناٹیکل میل تک کا سفر طے کیا ہے۔ ان کی یہ کامیابی کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا کہ ا س میں ان کے ضبط و تحمل ، عزم مصمم ، ٹیم ورک ، ذہنی و جسمانی فٹنیس اور پیشہ ورانہ ہمدردی کا عمل دخل ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا ٹیم کے کرو ممبران کی کامیابی صرف ان کی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ ہم سب کی کامیابی ہے جو ہمارے ملک کی لڑکیوں کو ترغیب دے گی۔ یہ کامیابی خواتین کے بااختیار بننے کی ایک مثال ہے۔
آئی این ایس وی ترینی کا سمندری سفر 10 ستمبر 2017 کو گوا سے شروع ہوا تھا اور یہ 10 مئی 2018 کو گوا واپسی کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ بحری کشتی کی کمان لفٹننٹ کمانڈر ورتیکا جوشی کے ہاتھوں میں تھی جبکہ اس کے کریو میں لفٹننٹ کمانڈر پرتبھا جاموال ، پی سواتھی ، بی ایشوریہ اور لفٹنٹ ایس وجیا دیوی اور پائل گپتا شامل تھیںَ۔
اپنے 254 دن کے سمندری سفر کے دوران (لنگر اندازی سمیت) بحری جہاز میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ، فاک لینڈ جزائر (برطانیہ) ، جنوبی افریقہ اور ماریشس کی بندر گاہوں کا قیام شامل ہے۔ کریو کے ممبران نے موسمیاتی اعدادوشمار حاصل کئے اور پہلے سے موجود اعدادوشمار کو تاحال بنایا، ہندستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم جی) کے ذریعہ موسم کی صحیح صحیح پیش گوئی کے لئے پابندی کے ساتھ سمندر اور لہروں سے متعلق اعدادوشمار جمع کئے ۔ اور گہرے سمندر میں آلودگی کی نگرانی کی اور اس کی رپورٹ پیش کی۔