نئی دہلی، نائب صدرجمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے نوجوان طلباء سے کہا ہے کہ وہ محروم اور کم خوش قسمت لوگوں کی خدمت کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے لئے یہ بہت اہم ہے کہ وہ ہم وطنوں کی پریشانیوں اور جدوجہد کے تئیں ہمدردی کا جذبہ رکھیں اور ان کی بہتری کے لئے کچھ بامعنیٰ کام کرنے کی کوششیں کریں۔
جناب نائیڈو آج یہاں کیرالہ سے آئے طلباء کے ایک گروپ کے ساتھ گفتگو کررہے تھے، جو کیرالہ کے ایک میڈیا ہاؤس ’’ماتربھومی‘‘ کے ذریعے مہاتماگاندھی 150 ویں یوم پیدائش کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کئے گئے ایک ٹور پروگرام کے تحت دہلی پہنچے ہیں۔
نائب صدرجمہوریہ نے ملک میں سماجی ، ثقافتی اور اقتصادی تبدیلی لانے کے لئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھتے رہنے کی عادت اپنائیں اور بدلتی ہوئی دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملاکر چلنے کے لئے نئی ٹیکنالوجیوں سے مطلع رہیں۔
طرز زندگی سے متعلق بیماریوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے طلباء پر زور دیا کہ وہ جدید طرز زندگی کے پوشیدہ خطرات سے آگاہ رہیں جس میں غیر صحت مند خوراک اور ہر وقت بیٹھے رہنے والی ملازمتیں شامل ہیں۔ نائب صدر نے ان سے کہا کہ باقاعدہ جسمانی ورزش کی عادت ڈالیں اور صحت مند رہنے کے لئے خاص طور سے یوگا میں شرکت کریں اور گھر کے باہر میدانی سرگرمیوں میں کچھ وقت صرف کریں۔
انہوں نے اس بات کی خواہش ظاہر کی کہ طلباء اور نوجوان نسل فطرت کے ساتھ رہنا اور فطرت کا احترام کرنا سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو یہ بات اپنے ذہن میں رکھنی چاہئے کہ فطرت اور ثقافت مل کر انسانیت کی بہتری کے لئے کام کرسکتے ہیں۔
اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ کثرت میں وحدت ہی بھارت کی سب سے بڑی قوت ہے ، جناب نائیڈو نے نوجوانوں سے کہا کہ اس عظیم ملک کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور ہندوستانی تہذیب کی انفرادیت کی ستائش کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ملک کی عظیم ثقافت اور قدیم ترین روایتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہئے اور ہندوستان کے جذبے کو آگے بڑھانے کے لئے کام کرنا چاہئے۔
ایک مضبوط ، مستحکم ، متحد ، خوشحال اور سب کی شمولیت والے بھارت کے بارے میں اپنے ویژن کا انکشاف کرتے ہوئے انہوں نے ملک کے شہریوں کی اس بات کے لئے حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے فرائض کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ ادا کریں۔
مہاتماگاندھی کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کے لئے ماتر بھومی کا کی ستائش کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے ہمیں سچائی کے انتہائی طاقتور ہتھیار فراہم کئے ہیں اور عدم تشدد ہر قسم کی پریشانی کو دور کرسکتا ہے۔ انسانیت کی خدمت کے لئے مہاتماگاندھی کے نظریئے نے عالمی لیڈروں کو تحریک دلائی ہے۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ گاندھی جی تمام انسانیت کے لئے باعث تحریک تھے۔ گاندھی جی کے ہمدردی اور شمولیت کے گہرے جذبات کے بارے میں بولتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ مہاتما حقیقی طور پر اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ ہمیں اپنے باطن کو تمام برائیوں سے پاک کرنا اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ ہمارے ملکوں کو غلامی سے پاک کرنا ہے۔
ہندوستانی تہذیب پر زبردست فخر کا اظہار کرتے ہوئے ، جس میں دنیا کو ہمیشہ ایک کنبے کے طور پر سمجھا جاتا ہے، نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ آب و ہوا میں تبدیلی شمسی توانائی اور فطرت کو محفوظ رکھنے سے متعلق ہمارا عزم ، طلباء کو تعلیم فراہم کرنے اور انہیں عالمی سطح پر ذمہ دار بنانے سے ظاہر ہوتا ہے ۔
نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں اپنی مادری زبان میں ہی بات کریں اور مدر ، مدر ٹنگ ، مدر لینڈ ، جائے پیدائش اور گرو کو ہمیشہ محبت کے ساتھ یاد رکھیں ۔