نئی دہلی۔ مرکزی وزیر داخلہ جناب راجناتھ سنگھ نےآج ہریانہ کے گروگرام میں منعقدہ ایک تقریب میں اسٹوڈنٹس پولیس کیڈٹ (ایس پی سی) پروگرام کے ملک گیر نفاذ کا اجراء کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایس پی سی آنے والے برسوں میں اخلاق سازی پر توجہ مرکوز کر کے نوخیز ذہن کو اخلاقی تعلیم دینے سے خاموش انقلاب کا باعث بنے گا۔ انہوں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے لیے ان دنوں محض کتابوں کے مطالعہ پر زور دیا جاتا ہے اور طلباء کی اخلاق سازی پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے جو سماج میں بڑھتے ہوئے جرائم پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے ۔
جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ شدید ترین جدید کاری اور زبردست مسابقت کا سامنا کرنےکے لیے اسکولوں نے کیریئر بنانے اور بڑھتی آمدنی کی جانب اپنی تمام تر توجہ مرکوز کر دی ہے جس کے باعث نوخیز اذہان زبردست تناؤ کے شکار ہو رہے ہیں ۔ حالانکہ نئی ٹکنالوجیوں ، انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا کی آمد نے بدلتے وقت کے ساتھ چلنے کے لیے ہمارے بچوں کی مدد کی ہے ۔ تاہم سماج میں اس کے منفی اثرات بھی پڑے ہیں، جیساکہ ہم روایتی خاندانی نظام کے انتشار ،جرائم اور عصمت دری کے بڑھتےہوئے تشویشناک واقعات کی صورت میں مشاہدہ کرتے ہیں۔
جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ایس پی سی پروگرام طلباء میں بڑوں کے احترام ، نظم و ضبط ، سماجی ذمہ داری کے اقدار کی تعلیم دے کر اور پولیس و طلباء کے درمیان بات چیت سے انہیں ذمہ دار شہری بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایس پی سی پروگرام اسکولوں اور پولیس کے مابین خوشگوار ماحول تیار کرے گا اور طلباء میں عوامی تحفظ، نظم و ضبط، صبر و تحمل ، قوت برداشت ، ہمدردی عمررسیدہ شہریوں کے تئیں احترام ، سماجی ہم آہنگی ، ٹریفک کا شعور اور بدعنوانی سے پاک ماحول کا تصور پیدا کرے گا۔ کل کا نوجوان ،جو اس پروگرام سے ابھرے گا، سماجی عزم کے اخلاق اقدار سے معمور ہوگا اور سماجی برائیوں جیسے منشیات ، نشے کی لت ، عدم برداشت اور تہذیب سوزی کے تئیں بیدار ہوں گے ۔ وزیر موصوف نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام طلباء کی شخصیت کی مجموعی ترقی کا باعث بنے گا اور سماج میں تبدیلی لائے گا۔