20 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

نو عمروں کے لئے ٹیکہ کاری کی مہم انتہائی تیزی سے چلائی جائے: وزیراعظم

Urdu News

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ملک میں کووڈ-19 عالمی وبا کی صورتحال، صحت کے بنیادی ڈھانچے اور نقل و حمل سے متعلق تیاریوں، ملک میں ٹیکہ کاری مہم کی صورتحال اور کووڈ-19 کے نئے ویریئنٹ اومیکرون اور ملک کے لئے اس صحت عامہ  کے مضمرات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی سربراہی کی۔

صحت کے سکریٹری نے ایک تفصیلی خاکہ پیش کرتے ہوئے عالمی سطح پر حال ہی میں کیس بڑھنے کی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد ہندوستان میں کووڈ-19 کی صورتحال، مختلف ریاستوں اور اضلاع میں کووڈ کیسوں اور پوزیٹیویٹی شرح کے بارے میں بتایا گیا۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی جانب سے اب تک کئے گئے ان اقدامات کے بارے میں مطلع کیا گیا، جو آنے والی آزمائشوں سے نمٹنے کے لئے مرکز نے ریاستوں کی مدد کے لئے کئے ہیں۔ جن جگہوں پر زیادہ معاملے سامنے آنے کا اندیشہ ہے، ان کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

ریاستوں کو صحت کے بنیادی ڈھانچے، ٹیسٹنگ کی صلاحیت، آکسیجن اور آئی سی یو بستروں کی دستیابی اور ایمرجنسی  کووڈ ریسپونس پیکیج کے تحت کووڈ کے لئے لازمی ادویات کے وافر ذخیرے کی صورتحال بہتر کرنے کے لئے جو مدد دی جا رہی ہے، اس کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے ضلع کی سطح پر صحت کے خاطر خواہ بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں افسران کو ریاستوں   کے ساتھ تال میل رکھنے کو کہا۔

پریزنٹیشن میں ہندوستان کی ٹیکہ کاری مہم کے تئیں لگاتار کوششوں پر توجہ دی گئی، جبکہ 15 سے 18 برس کے درمیان کی عمر کے 31 فیصد بچوں کو 7 دن کے اندر ہی  پہلی خوراک  دی جا چکی ہے۔ وزیراعظم نے اس حصولیابی کا ذکر کیا اور نو عمر بچوں میں ٹیکہ کاری کی مہم کو تیز سے تیز تر کرنے کو کہا۔

تفصیلی تبادلۂ خیال کے بعد عزت مآب وزیراعظم نے ہدایت دی کہ زیادہ معاملوں والے کلسٹرز کی سرگرم نگرانی اور الگ تھلگ کر نے کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور  اس وقت جن ریاستوں میں زیادہ معاملے سامنے آ رہے ہیں، وہاں مطلوبہ تکنیکی مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ماسک اور جسمانی دوری کو زندگی کا  معمول بنانے کو کہا۔ وزیراعظم نے کم علامات والے یا بنا علامات والے مریضوں کو گھر تک محدود رکھنے پر سختی  سے عمل کرنے کو کہا اور  کمیونٹی کو بڑے پیمانے پر جانکاری فراہم کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کی جائے، جہاں متعلقہ ریاستوں کی منفرد صورتحال اور صحت عامہ کے اقدامات پر غوروخوض کیا جائے۔

انہوں نے کووڈ-19 کے معاملوں کے بندوبست کے ساتھ ساتھ غیر کووڈ-19 صحت خدمات جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے ٹیلی میڈیسن میں تیزی لانے کو بھی کہا تاکہ  دوردراز کے اور دیہی علاقوں کے عوام  کو صحت سے متعلق رہنما خطوط دستیاب ہو سکیں۔

کووڈ-19 سے نمٹنے میں اب تک صحت نگہداشت کارکنوں کی انتھک  خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے ہیلتھ کیئر ورکرز اور فرنٹ لائن ورکرز کے لئے احتیاطی خوراک کے ذریعے ان کا ٹیکہ کاری کا احاطہ مشن کی طرز     پر کیا جائے۔

وزیراعظم نے وائرس کے لگاتار شکل تبدیل کرنے کے پیش نظر ٹسٹنگ، ویکسین اور جینوم سیکوینسنگ سمیت ادویات اقدامات کے سلسلے میں لگاتار سائنسی تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔

میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ جناب  امت شاہ، صحت اور خاندانی     بہبود کے وزیر ڈاکٹر من سکھ مانڈویا، صحت اور   خاندانی بہبود کی  وزیر مملکت محترمہ بھارتی پروین پوار، ڈاکٹر وی کے پال، رکن (ہیلتھ)، نیتی آیوگ، جناب راجیو گوبا، کابینہ سکریٹری،  جناب اے کے بھلا، ہوم سکریٹری، جناب راجیش بھوشن (سکریٹری، ایم او ایچ ایف ڈبلیو)، سکریٹری (ادویات سازی) ڈاکٹر راجیش گوکھلے، سکریٹری بایو ٹیکنالوجی ڈاکٹر بلرام بھارگو، ڈی جی-آئی سی ایم آر جناب آر ایس شرما، شہری ہوابازی، امور خارجہ سکریٹری،  این ڈی ایم اے ارکان اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More