نئی دہلی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے پٹنہ کے لوک نایک جے پرکاش ہوائی اڈے پر بنیادی تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا مقصد ہوائی اڈے پر سی بی آر این جیسے ہنگامی حالات کے مقابلے کیلئے ایئرپورٹ ایمرجنسی ہینڈلرز (اے ای ایچ) کی تیاریوں میں اضافہ کرنا ہے۔
واضح ہو کہ سی بی آر این جیسے ہنگامی حالات کیمیائی ، حیاتیاتی ، ریڈیائی اور نیوکلیائی مواد سے پیدا ہونے والے خطرات سے متعلق ہوتے ہیں۔ آج سے شروع ہونے والا یہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) اور انسٹی ٹیوٹ آ ف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ الائیڈ سائنسز کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ مزید برآں چنئی ، کولکاتا، ممبئی اور بنارس کے چار ہوائی اڈوں پر ایسے چار تربیتی پروگراموں کا اہتمام پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔ اس پروگرام میں پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹ کے استعمال سمیت خطرناک مادوں کا پتہ لگانا اور ان کی آلودگی کو ختم کرنے کے طریقوں سمیت میدانی تربیت اور لیکچر شامل ہیں۔ ایئرپورٹ ایمرجنسی ہینڈلرز کو سی بی آر این ہنگامی حالات سے مقابلے کیلئے ضروری سامان اور مشینوں سے لیس کرنے کے علاوہ اس پروگرام میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور ابتدائی نفسیاتی، سماجی معاونت بھی شامل ہیں۔
اس تربیتی پروگرام میں ایٹمی توانائی کے محکمے (ڈی اے ای) ، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس(این ڈی آر ایف) ، آئی این ایم اے ایس اور این ڈی ایم اے کے ماہرین خطبات پیش کریں گے اور سی بی آر این ہنگامی حالات کے دوران راحت اوربچاؤ کے انتظام وانصرام سے متعلق متعدد اقدامات کا عملی نمونہ پیش کریں گے۔
واضح ہو کہ سی بی آر این ہنگامی حالات کے مختلف پہلوؤں سے متعلق اُمور پر مبنی اس تربیتی پروگرام میں 200 افراد حصہ لے رہے ہیں جن میں آدھے دن تک کام کرنے والے 150 افراد کو بھی اس تربیتی پروگرام میں شامل کرکے سی بی آر این ہنگامی حالات سے مقابلے اور ان پر قابو پانے سے متعلق اُمور کی تربیت دی جائے گی۔ یاد رہے کہ پٹنہ ہوائی اڈے پر اس پروگرام کیلئے این ڈی آر ایف کی ایک تربیت یافتہ ٹیم پہلے ہی سے متعین کردی گئی ہے جو سی بی آر این ایمرجنسی حالات سے مقابلے کی تربیت سے لیس ہے اور اس ٹیم کی مہارت کو بھی اس تربیتی پروگرام میں زیراستعمال لایا جائیگا۔