نئیدہلی: نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ نیو کلیائی بجلی سے نہ صر ف یہ کہ گیسوں کے اخراج میں کمی ہوسکتی ہے بلکہ توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ بھی پوری کی جاسکتی ہے ۔
آج حیدرآباد میں تلاش اورتحقیق کے لئے ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ کے سائنسدانوں اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے جناب وینکیا نائیڈو نے واضح کیا کہ آب وہوا میں تبدیلی آج ماحولیات کے لئے سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے ادارے کے ذریعہ تلاش اور تحقیق کے 70 سال پورا ہونے کے موقع پر یہ بات کہی ۔
انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت یہ ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جدید ٹکنالوجیاں زیادہ محفوظ اور قابل بھروسہ ہوں ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ نیو کلیائی بجلی قابل بھروسہ اور محفوظ توانائی کا ایک سب سے اہم متبادل ذریعہ ہے ۔ انہوں نے بغیر کسی سنگین واقعےکے 40 سال سے زیادہ عرصے تک ملک کے نیوکلیائی بیڑے کو آپریٹ کرنے کے ہندوستان کے ریکارڈ کی ستائش کی ۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کی نیو کلیائی توانائی میں مستقل دلچسپی ایک گہرے اعتماد کا پیش خیمہ ہے اور ایٹم کی طاقت انسانی اور سماجی ترقی کے لئے ملک کو مدد کرنے میں سود مند ثابت ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے آنے والی دہائیوں میں کم کاربن کی ترقی کے ماڈل کو اپنانے کے لئے ایک اسٹریٹجک طریقہ کو اپنایا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آلودگی کم کرنا ایک بڑا چیلنج ہے ۔
مختلف اسٹریٹجک منرلس ( معدنیات ) کی تلاش میں کھوج کی جدید تکنیک اپنانے میں ایٹا مک منرلس ڈائریکٹوریٹ کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں تین لاکھ ٹن سے زیادہ یورینیم آکسائڈ اور تقریباََ 1200 ملین ٹن ساحلی ریت کے معدنی وسائل کی دستیابی کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ نے یورینیم کے وسائل کے اضافے میں زبردست چھلانگ لگائی ہے ۔ پہلے 60 سال کی سرگرمیوں کے دوران یہ تقریباََ ایک لاکھ ٹن تھا اور بعد میں اگلےدس سال میں اس میں اضافہ ہوکر تقریباََ دو لاکھ ٹن ہوگیا ہے اور یہ واقعی قابل ستائش بات ہے ۔
جناب نائیڈو نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ کوڈھپّا طاس سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ کی تلاش کی کوششوں کی بدولت یورینیم کی مزید کانیں معلوم ہوسکیں گی۔
ملک کے طول وعرض میں پھیلے بہت سے سازگار ارضیاتی علاقوں کے سلسلے میں،جہاں یورینیم ،اصل دھاتیں اور دیگر قیمتی معدنیات کے ذخائر ہیں ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک کے نیوکلیائی بجلی کے پروگرام کی پائیدار اور ٹھوس ترقی کے لئے ایٹمی منرلس (معدنیات ) کے وسائل میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے یہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر مستقبل میں نیوکلیائی توانائی کا رول انتہائی اہم ہوگا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اپنے وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لئے نئی اور زیادہ کارگر ٹکنالوجیاں اپنانے کی ضرورت ہے ۔
اس موقع پر ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جناب ایم بی ورما اور دیگر سینئیر سائنسدانوں کے علاوہ افسران بھی موجود تھے ۔
اس سےپہلےایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ کے افسروں نے نائب صدر جمہوریہ کو ادارے کی سرگرمیوں کے بارے میں پریذینٹیشن دیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس موقع پر ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ تلاش اور تحقیق کے 70سال پورا ہونے کی یاد میں کڈپّا مونو لیتھ پر ایک تختی کی نقاب کشائی بھی کی ۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہیں ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ کے آفس کمپلیکس میں ایٹمی توانائی کے محکمے کی برادری میں آکر خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ہومی جے بھابھا کی دوراندیشی اور سوچ کی وجہ سے ایٹمی توانائی کے محکمے نے اپنے قیام کے بعدسے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور نئی بلندیوںکو چھوا ہے اور ملک کے نیو کلیائی بجلی کے پروگرام کے لئے ایٹمی منرلس وسائل میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے زبردست چھلانگ لگائی ہے ۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ارضیاتی وسائل ایک ملک کے لئے قدرتی تحفہ ہے اور ایک ملک کی خوشحالی کا دارومدار اس طرح کے وسائل کے مناسب استعمال اور تلاش پر مبنی ہے ۔ انسانی تہذیب مختلف مرحلوں سے ہوکر گزری ہے اور نیو کلیائی دور میں داخل ہوگئی ہے لہٰذا تہذیب کے ہر مرحلے کے دوران ارضیاتی وسائل کی تلاش نے اس کی بقا کے لئے ایک کلیدی رول اد ا کیا ہے ۔ نئی تلاش کے طریق کار نے تہذیب کے تغیر جِلا بخشی ہے ۔ نائب صد ر نے کہا کہ معدنیات بہت سی بنیادی صنعتوں کے لئے اہم خام میٹیریلس ہیں ۔ لہٰذا معدنی وسائل کے مینجمنٹ کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے مجموعی حکمت عملی کے ساتھ بہت گہرائی سے مربوط کیا جائے تاکہ قومی مقاصد پورے کپے جاسکیں ۔
کچھ چیلنجوں اور رکاوٹوں کے باوجود ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کی کامیاب داستان مثالی ہیں ۔ میں مختلف اہم معدنیات کی تلاش میں کھوج کی جدید تکنیکس اپنانے کے لئے ڈائریکٹوریٹ کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں ۔ ہندوستان میں ایٹامک منرلس ڈائریکٹوریٹ حکومت ہند کا واحد ادارہ ہے ، جو یورینیم ،تھوریم ، نیوبیم ، تنتالوم ،لیتھیویم ، بیریلیم اور ریئر ارتھ ایلی منٹ جیسے ایٹمی معدنی وسائل کی تلاش اور ان کے اضافے میں مصروف ہے ۔